اقتصادی راہداری منصوبہ کی طرح کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے ‘ افتخار بشیر

منگل 19 جنوری 2016 13:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ توانائی بحران نے صنعتی شعبے کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے،اس لیے بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جائیں اورتمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے اقتصادی راہداری منصوبہ کی طرح کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور اس کی فوری تعمیر کا آغاز کیا جائے ،سستی بجلی کے حصول کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے ہی وقت کا اہم ترین تقاضا ہے توانائی بحران کے خاتمہ سے ہی صنعتی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

افتخار بشیرنے کہا کہ پن بجلی توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کا آسان ذریعہ ہے ،مہنگی بجلی سے صنعتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی پریشانی کا شکار ہیں ،۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے بلکہ تمام صوبوں کی اتفاق رائے سے اس کی تعمیر کا جلد آغاز کیا جائے،انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے چھوٹے ڈیم بنا کر پانی اور توانائی کے بحران کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے لیکن توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے ، کالاباغ ڈیم کا منصوبہ سستی ترین بجلی کے حصول اور زراعت کی ترقی کا باعث بنے گا۔

پاکستان کا مستقبل زراعت کی ترقی سے وابستہ ہے جب زراعت ترقی کرے گی تو صنعت کو وافر خام مال مہیا ہوگا اور چمنیوں سے نکلنا شروع ہوجائے گا ۔6.1ملین فٹ پانی کا ذخیرہ کرنے والے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ملک میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

متعلقہ عنوان :