درآمدی اشیاء پر ٹیکس سے سمگلنگ میں اضافہ ہوگا‘ ناصر حمید خاں

منگل 19 جنوری 2016 13:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء)ممبر لاہور چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں نے کہا ہے کہ درآمدی اشیاء پر ٹیکس سے سمگلنگ میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ موبائل فون ہوں یا ٹائرز، جنریٹرز ہوں یا سگریٹس ہر سال ان اشیاء کی اسمگلنگ سے حکومت خزانے کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی اشیاء پر ٹیکس میں اضافے سے اسمگلنگ میں اضافہ ہورہا ہے اسمگلنگ کے باعث حکومتی خزانے کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے ایک انداز کے مطابق صرف 11اشیاء کی سمگلنگ سے حکومت کو سالانہ دو سو ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ناصر حمید خاں نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے حکومت کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرے تاکہ ایماندار تاجر جو حکومتی ڈیوٹی ادا کرکے اشیاء منگواتے ہیں وہ مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر اسمگل کیے گئے سامان کی فروخت کا مقابلہ کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جس کے باعث ملکی مصنوعات کی فروخت میں کمی واقع ہورہی ہے اس لیے حکومت اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرے تاکہ اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو اور جائز طریقہ سے سامان منگوانے کی حوصلہ افزائی ہو اسی طر ح سمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہے ۔