ٹیوٹا ہنر مند افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی ایکسپو کا انعقاد مارچ میں کرے گی‘ عرفان قیصر شیخ

منگل 19 جنوری 2016 13:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) ہنر مند افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی کیلئے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی بین الاقوامی ایکسپو کا انعقاد لاہور میں مارچ2016 ء کے دوسرے ہفتے میں کرے گی، یہ ایکسپو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ( پی وی ٹی سی)کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جائے گی،اس ایکسپوکے انعقاد کا مقصدہزاروں فارغ التحصیل ماہر افرادی قوت کو ایک چھت کے نیچے روزگار کی فراہمی کے مواقع میسر کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجرانجینئر اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا نے اپنے اداروں میں نوجوان نسل کو روزگار کی فراہمی کیلئے نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تعاون سے جدید شارٹ کورسز میں تربیت فراہم کر رہی ہے۔

اس بین الاقوامی ایکسپو میں ملائشیا، کوریا ، مڈل ایسٹ اور یورپ سمیت دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ فارغ التحصیل ہنر مند افرادی قوت کا موقع پر انٹرویو کر کے ان کو روزگار فراہم کی جائے۔ اس میگا ایونٹ کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کیلئے کیر ئیر کونسلنگ کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس ایونٹ میں صوبہ بھر سے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) ، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(NAVTTC) اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ( پی وی ٹی سی)کے فارغ التحصیل نوجوانوں کے علاوہ سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور نجی شعبے سے معززین کو بھی انٹرایکٹو سیشن کیلئے مدعو کیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد فار غ التحصیل نوجوانوں کو ملکی اور بین الاقوامی انڈسٹری میں روزگار فراہم کرکے معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے۔