بحیثیت پاکستانی ہمیں ذاتی ، گروہی اور سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک کے مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے ‘ راجہ اشفاق سرور

منگل 19 جنوری 2016 14:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرورنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب جی ایس پی پلس سٹیٹس سے بھرپور استفادہ اور مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کی یورپی ممالک کو ایکسپورٹ میں اضافہ ممکن بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، چین پاکستان اقتصادی راہدی منصوبے سے پاکستان خطہ میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کامرکز بن جائے گا اور مزدور طبقے کے لیے ملازمت کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، حکومت پنجاب صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ مزدوروں اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے آجر اور اجیر سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے بھرپور مشاورت کررہی ہے۔

انہوں نے یہ بات جی ایس پی پلس سٹیٹس پر پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کی رپورٹ پرمنعقدہ مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے صدر ظہور احمد اعوان، سیکرٹری محکمہ لیبر علی سرفراز،جرمن ادارے ایف ای ایس کے عبدالقادر، چوہدری نسیم، ڈاکٹر جاوید گل اور پنجاب بھر کی مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے سیمینار میں شرکت کی۔

سیمینار میں جی ایس پی پلس بارے تحریر کردہ رپورٹ کے مندرجات پر اظہار خیال کیا گیا اور مزدور طبقہ کے مسائل ، لیبر سٹینڈرز پر عملدرآمد اور پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس درجہ برقرار رکھنے کے لیے تجاویزٹھوس پیش کی گئیں۔راجہ اشفاق سرور نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں ذاتی ، گروہی اور سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک کے مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر و انسانی وسائل نے مزدور طبقے کے فلاح و بہبود کے لیے لیبر پالیسی ، ڈومیسٹک ورکر ز پالیسی منظورکروائی جبکہ ہوم بیسڈ ورکرز پالیسی ڈرافٹ بھی برائے منظوری کابینہ کو بھجوایا جاچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں داخل کروا کر مفت تعلیم ، کتابیں ، یونیفارم، ٹرانسپورٹ ، وظیفہ اور ان کے والدین کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کی رپورٹ میں ان مثبت اقدامات کو بھی شامل کیاجانا چاہیے تھا تاکہ بین الاقوامی پلیٹ فارم پاکستان کا مثبت تشخص ابھر کر سامنے آتا۔