ہاکی فیڈریشن میں غبن کا کوئی پوچھنے والا نہیں ، میر ظفر اللہ جمالی

منگل 19 جنوری 2016 15:21

ہاکی فیڈریشن میں غبن کا کوئی پوچھنے والا نہیں ، میر ظفر اللہ جمالی

اسلام آباد (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار19جنوری- 2016ء) سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈریشن لاکھوں روپے خرچ کرتی ہے لیکن مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام ہے ۔ 2006ء سے 2008ء تک اپنی وزارت عظمی کے دور میں پی ایچ ایف کے صدر رہنے والے میر ظفراللہ خان جمالی نے قومی اسمبلی کے سوال و جواب کے سیشن میں کہا کہ موجودہ فیڈریشن نے لاکھوں روپوں کے فنڈ کا غلط استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ کھیل کو برباد کردیا ہے ۔

جمالی کے مطابق موجودہ فیڈریشن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتا کیوں کہ ان کے وزیراعظم کے دفتر سے قریبی تعلقات ہیں ۔ سابق وزیر اعظم کے مطابق پچھلی انتظامیہ کو 100 ملین کی گرانٹ دی گئی تھی جسے بدترین غبن کے ذریعے اڑا گیا ، موجودہ انتظامیہ کو بھی 700 ملین روپے ملے ہیں جو بغیر کسی نتیجہ اور احتساب کے خرچ ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرازادہ نے جمالی کے سوالوں کے تفصیلی جوابات دینے کی کوشش کی لیکن جمالی نے سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ایف میں غبن پر خاموشی اختیار کرنے پر وفاقی وزیر کے خلاف بھی ایکشن لینا چاہیے ۔

ریاض حسین پیرازادہ کا کہنا تھا کہ معاملہ متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجا جائے گا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے معاملے کو قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی آئی پی سی کو بھیج دیا ہے جو متعلقہ حکام سے بحث کے بعد اپنی سفارشات اسمبلی میں جمع کرا دیگی ۔ واضح رہے پی ایچ ایف کے موجودہ صدر ریٹائرڈ برگیڈیئر سجاد کھوکھر کا انتخاب پی ایچ ایف کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم نواز شریف کی خواہش پر ہی ہوا تھا ، وہ وفاقی وزی احسن اقبال کے قریبی عزیز بھی ہیں ۔