لاہور چیمبر نے سردیوں میں توانائی کے بحران کا بہترین حل توانائی کے متبادل ذرائع کو قرار دیدیا

حکومت توانائی کے متبادل ذرائع کے بہت سے منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے ،منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں

منگل 19 جنوری 2016 18:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہر سال سردیوں میں توانائی کے بحران کا بہترین حل توانائی کے متبادل ذرائع کو قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کام کی رفتار تیز کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں بالخصوص گیس کا بحران سر اٹھالیتا ہے جس سے صنعتی شعبے اور عام لوگوں کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں، یہ مسئلہ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دیکر سے باآسانی حل کیا جاسکتا ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ حکومت توانائی کے متبادل ذرائع کے بہت سے منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے لیکن ضروری ہے کہ نہ صرف یہ منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں بلکہ ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے بڑے ڈیم بھی بنائے جائیں ۔

(جاری ہے)

وقت گزرنے کے ساتھ توانائی کی ضروریات بہت تیزی سے بڑھ رہی ہیں لہذا ہمیں اپنے مستقبل کے لیے آج منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے متبال ذرائع کو فروغ دینا اور بڑے ڈیم تعمیر کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک انتہائی مہنگے تھرمل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بائیو ماس توانائی کے حصول کا ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے نہ صرف توانائی کی قلت کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے بھی بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بائیو ماس ٹیکنالوجی کے ذریعے کوڑے کرکٹ سے وافر توانائی پیدا کی جاسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :