ایبٹ آباد میں سی این جی سٹیشن مالکان نے گیس کی بجائے ہوا بھرنا شروع کر دی

منگل 19 جنوری 2016 22:42

ایبٹ آباد۔ 19 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 جنوری۔2016ء) ایبٹ آباد میں سی این جی سٹیشنز مالکان نے گیس کی بجائے ہوا بھرنا شروع کر دی، ٹرانسپورٹروں اور پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان نے سر پکڑ لئے، ٹرانسپورٹروں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ ٹرانسپوٹرز اور پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان کے مطابق ایبٹ آباد شہر کے زیادہ تر سی این جی سٹیشنز مالکان کم پریشر کا بہانہ بنا کر گاڑیوں میں ہوا بھر رہے ہیں جس کے باعث انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اگر کوئی شخص اپنی گاڑی میں پانچ سو روپے کی گیس ڈلواتا ہے تو کم پریشر اور دو نمبری کی وجہ سے گاڑی میں 200 روپے کی بھی گیس نہیں ڈلتی کیونکہ باقی 300 روپے کی ہوا ہوتی ہے۔ ایبٹ آباد میں صبح اور شام کے اوقات میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سی این جی سٹیشن کی بندش کے بعد دن کے وقت سی این جی سٹیشنوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جس سے گیس کا پریشر انتہائی کم ہو جاتا ہے اور سی این جی سٹیشن بھی گیس کی بجائے گاہکوں کو گاڑیوں میں ہوا بھر کر دے رہے ہیں جس سے وقت کے ضیاع کے ساتھ ساتھ جیب کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد کے سوائے ایک دو سٹیشنوں کے 90 فیصد سی این جی سٹیشنوں پر یہی صورتحال ہے، زیادہ تر سٹیشنز مالکان ٹرانسپوٹرز اور عام شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے کبھی بھی اس صورتحال پر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔