ایشین بریڈ مین ظہیرعباس نے پنجاب کرکٹ اکیڈیمیز سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں

بدھ 20 جنوری 2016 13:17

ایشین بریڈ مین ظہیرعباس نے پنجاب کرکٹ اکیڈیمیز سربراہ کی حیثیت سے ذمہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) آئی سی سی کے موجودہ صدر ظہیر عباس نے لاہور میں پنجاب کرکٹ اکیڈیمیز کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں،وہ اسپورٹس بورڈ پنجاب (ایس بی پی) کرکٹ اکیڈیمیزکے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کا فیصلہ حکومت کو کرنا ہے۔

ظہیرعباس اور ایس بی پی کے درمیان اکیڈیمیز کی تشکیل کے لیے پہلے ہی معاہدوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور،ملتان، راولپنڈی اور سیالکوٹ جبکہ خواتین کے لیے ایک اکیڈمی کینئرڈ کالج میں قائم کی جائے گی۔ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ"اکیڈیمیز سے پی سی بی کو صوبے سے تازہ دم ٹیلنٹ قومی ٹیم کو مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز پر بات کرتے ہوئے انھوں نے نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کی بلے بازی کی تعریف کی۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ پاکستانی حکومت کو کرنا ہے تاہم آئی سی سی کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کی حکومتیں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کریں۔

واضح رہے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھارتیحکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف طے شدہ سیریز کھیلنے کے لیے ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے قبل حکومت سے باقاعدہ اجازت لینے کا فیصلہ کیا۔پی سی بی پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے ہندوستان بھیجنے سے قبل حکومت سے اجازت لی جائے گی اور اگلے ماہ بورڈ اس حوالے سے حکومت کو خط لکھے گا۔