بھٹو خاندن ایک بار پھر امریکہ میں متحد ہو گا

سابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو کو امریکہ طلب کر لیا ، آصفہ، بختاور اپنی سالگرہ بھی امرکہ میں منائیں گی ،بلاول سمیت سارا خاندان امریکہ صدر کے ناشتے میں بھی شرکت کرے گا

بدھ 20 جنوری 2016 14:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے صاحبزادے و چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اپنی دونوں صاحبزادیو ں آصفہ بھٹو ، بختاور بھٹو کو امریکہ طلب کر لیا ہے جہاں وہ امریکی صدر باراک اوبامہ کی جانب سے دیئے گئے ناشتے میں شرکت کے علاوہ دیگر امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلزپارٹی کے ایک رہنما کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 23 جنوری کو امریکہ روانگی کا امکان ہے جبکہ ان کے والد آصف علی زرداری ان کی امریکہ آمد کے منتظر ہیں ۔ پی پی راہنما نے میڈیا کو بتایا کہ آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی امریکہ حکام سے تعارف کرانے کے ساتھ پاکستان اور خطے کی صورت حال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔

(جاری ہے)

دونوں باپ بیٹا فروری کے پہلے ہفتے میں امریکی صدر کی جانب سے دیئے گئے ناشتے میں شرکت کریں گے ۔ لیکن اس سے قبل بھٹو فیملی آصفہ اور بختاور بھٹو کی سالگرہ بھی امریکہ میں منائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں تقریبات میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی شرکت متوقع ہے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن اپنی مقررہ مدت میں ہوں گے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا میں زرداری ہاؤس میں ہونے والے ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا جس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، مسعود کوثر ، شیری رحمان ، طارق خٹک نے شرکت کی ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام پیپلزپارٹی کے کارکن انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے اپنی تیاریاں شروع کریں ۔