نیوزی لینڈ کپتان برینڈن میکولم کی پاکستان سے سیریز میں واپسی کیلئے پُرامید

بدھ 20 جنوری 2016 15:29

نیوزی لینڈ کپتان برینڈن میکولم کی پاکستان سے سیریز میں واپسی کیلئے ..

ویلنگٹن (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار20جنوری- 2016ء)نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان کیخلاف تین ون ڈے میچز کے آخری مقابلے میں کپتان برینڈن میکولم کی واپسی کے لیے پر امید ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ میکولم فٹنس کے حصول کیلیے بہترین کام کررہے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹم ساؤتھی صحتیاب ہورہے ہیں اور اسی ہفتے ہمارے ساتھ ہوں گے تاہم پاکستان کیخلاف سریز کے بقیہ میچز اور آسٹریلیا کیخلاف مختصر طرز سیریز میں انکی واپسی کا امکان نہیں ہے ۔ 34 سالہ برینڈن میکولم آسٹریلیا کیخلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا پہلا میچ ان کے کیریئر کا ریکارڈ 100 واں ٹیسٹ ہوگا ۔

میکولم بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے ڈیبو کے بعد مسلسل 100 ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کریں گے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔ یاد رہے کہ برینڈن میکولم گزشتہ ماہ سری لنکا کیخلاف سریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں ریڑھ کی ہڈی میں درد کے باعث کرکٹ سے باہر ہوگئے تھے جبکہ ساؤتھی اسی سیریز کے تیسرے میچ میں پاؤں زخمی کروا بیٹھے تھے ۔