سپیکر سر دار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے بیہمانہ حملے کی شدید مذمت

بدھ 20 جنوری 2016 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی کے سپیکر سر دار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی نے باچا خان یونیورسٹی چار سدہ پر دہشت گردوں کے بیہمانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں دہشتگردوں کے حملے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اسے درندگی اور بر بر یت کا شر مناک واقعہ قر ار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں علم کے متلاشی معصوم نوجوانوں اورتعلیم کی شمع روشن کرنے والے اساتذہ کو بربریت کا نشانہ بنانے والے مسلمان تو کجا انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سفاکیت کے اس انسانیت سوز واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلا نہ اور شر مناک کاروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہا ر کیا کہ اس بیہمانہ کاروائی کے ذمہ دارسزاؤں سے نہیں بچ پائیں گے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔سپیکر و ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ حکام کو تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کومزید سخت کر نے ا ور اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ انہوں نے پسماندگان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہدا ء کی درجات کی بلندی اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔