117 ایڈولسنٹ سنٹرز قائم کئے جاچکے ہیں اور ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا‘بیگم ذکیہ شاہنواز

بدھ 20 جنوری 2016 16:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء )صوبائی وزیر بہبود آبادی و تحفظ ماحولیات پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی نو بالغ افراد کی جنسی و تولیدی صحت کے حقوق کے حوالے سے اپنے فرائض منصبی بھرپور طریقے سے ادا کررہاہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خاص توجہ رہنمائی اور نگرانی میں آبادی کے کنٹرول کے لیے اہم اقدامات اور فیصلے کئے جارہے ہیں، اس ضمن میں تولیدی صحت، خاندانی فلاح و بہبود ، خاندانی منصوبہ بندی اور دیگر صحت کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پنجاب میں117ایڈولسنٹ سنٹرز بھی قائم کئے جاچکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے پاپولیشن ویلفیئر بیگم ذکیہ شاہنواز نے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مقامی ہوٹل میں راہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ان ایڈولسنٹ سنٹرز کے قیام کا مقصد غریب بچوں اور بچیوں کو تولیدی مسائل کے بارے میں آگاہی اور نوجوانوں کے لیے ایک قابل عمل ماحول فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ان مراکز میں بالغوں کو جنسی و تولیدی صحت اور حقوق و معلومات اور تعلیمات مہیا کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان سنٹرز کی تعداد کو بتدریج بڑھائیں گے اور اس کے لیے ہمیں مختلف این جی اوز پرائیویٹ سیکٹرز اور بین الاقوامی اداروں کی خصوصی معاونت کی ضرورت ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی پروگرام کے ذریعے بچوں میں مناسب وقفہ اور ماں بچے کی صحت جیسے مسائل کے حل کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے جس کے مثبت نتائج بھی حاصل ہورہے ہیں۔

اس لیے ان پروگرامز کے معیار، نگرانی اور رفتارکو مسلسل مانیٹر کیا جارہاہے۔ اجلاس میں شرکا نے نوجوانوں اور بالغوں کی جنسی و تولیدی صحت کے حقوق تک رسائی اور ضروریات پر روشنی ڈالی اجلاس میں ممبران پنجاب اسمبلی لبنیٰ فیصل اور راحیلہ خادم حسین، ڈی جی فیڈرل منسٹری آف ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن شفقت جاوید نے شرکت کی ۔ شرکاء میں این جی اوزکے رہنما، عورت فاؤنڈیشن کے سرپرست اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔