شہنشاہ پنجاب نے عوام کیخلاف ضرب عضب شروع کر رکھا ہے، صوبے میں صحت کا وزیر نہ ہونا اورسات ماہ میں صحتکے بجٹ میں سے صرف36فیصد استعمال کرناگڈگورننس کے دعویدار حکمرانوں کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے،ہسپتالوں میں موت کا رقص جاری ہے ،پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ غیر ضروری منصوبوں پر ہے

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 20 جنوری 2016 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ شہنشاہ پنجاب نے عوام کیخلاف ضرب عضب شروع کر رکھا ہے، صوبے میں صحت کا وزیر نہ ہونا اورسات ماہ گزر جانے کے باوجود ہیلتھ کے بجٹ میں سے صرف36فیصد استعمال کرناگڈگورننس کے دعویدار حکمرانوں کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر آباد کے کارڈیالوجی ہسپتال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ 9سال گزرجانے کے باوجود وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال مکمل طور پر فعال نہیں کیا جا سکتا،ہسپتال میں200میں سے صرف50بیڈز فعال کئے جا سکے، ہسپتال میں آپریشن تھیٹر نہیں، پتھیالوجسٹ ہے نہ ریڈلوجسٹ، انجیو گرافی کی سہولت نہیں، فیکلٹی مکمل نہیں۔

(جاری ہے)

خادم اعلیٰ نہ جانے عوام سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں محمودالرشید نے کہا کہ حکومت نے بجٹ2015-16 میں صحت عامہ کے فروغ اور عوام کو بہترین علاج معالجہ کی جدید سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا اور صحت کے شعبے کیلئے 166ارب 13کروڑ روپے مختص کئے اور ہسپتالوں میں جان بجانے والی ادویہ اور آلات کی فراہمی کیلئے10ارب82کروڑ روپے مختص کئے لیکن عوام کو علاج کی بہترین سہولیات ملیں نہ ہسپتالوں کو ضروری آلات کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

نومبر2015تک صحت پر مجموعی بجٹ کا صرف22فیصد خرچ ہو سکا اور پورے پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت جوں کی توں رہی۔ہسپتالوں میں موت کا رقص جاری ہے لیکن پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ غیر ضروری منصوبوں پر ہے صحت کی جانب کوئی توجہ نہیں، انہوں نے کہا کہ تکلیف دہ بات یہ بھی ہے کہ جنوبی پنجاب میں سرکاری ہسپتال انتہائی کم ہیں اور ان میں جان بچانے والی ادویات ہیں نہ جدید علاج کی سہولیات میسر ہیں۔

جنوبی پنجاب کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، دوران زچگی جنوبی پنجاب میں شرح اموات کی شرح میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔محمودالرشیدنے کہ حکمران بدلا ہے پنجاب کا نعرہ لگا رہے ہیں لیکن حقیقت یہ کہ سرکاری ہسپتالوں کی حالت قابل رحم ہے،ڈاکٹر علاج کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت انہیں وسائل فراہم نہیں کر رہی۔پیرامیڈیکل سٹاف اور ینگ ڈاکٹر سراپا احتجاج ہیں مریض خوار ہورہے ہیں لیکن حکومت پنجاب گڈگورننس کی دعویدار ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایم آر ائی مشین فراہم کرے اورانجیو گرافی کی سہولت دے ۔ محمودالرشیدنے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر جدید سہولیات سے لیس نئے ہسپتال بنائے جائیں اور پرانے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کے تحفظات دور کئے جائیں اور انکے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔