سانحہ چار سد کیخلاف پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار کا آج یوم سیاہ منانے کا اعلان

دہشت گردی کیخلاف حکومت اور سکیورٹی اداروں کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں،وکلا ء تنظیمیں

بدھ 20 جنوری 2016 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) باچا خان یونیورسٹی چار سدہ میں طلباء ، اساتذہ سمیت بیس افراد کی شہادت اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کیخلاف پاکستان بار کونسل ، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار کی طرف سے آج 21 جنوری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے،وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ چار سدہ دہشت گردوں کی ایک بزدلانہ کارروائی ہے ، اس سانحہ میں سکیورٹی اداروں نے بھی غفلت برتی ، سانحہ کیخلاف ملک بھر کے وکلاء اکیس جنوری کو یوم سیاہ منائیں گے اور عدالتوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہونگے، وائس چیئرپرسن فرح اعجاز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے وکلاء کل عدالتوں کا بائیکاٹ کرینگے اور سانحہ چارسدہ کیخلاف عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے، لاہور ہائیکورٹ بار نے بھی سانحہ چار سدہ پر کل مذمتی جنرل ہا?س اجلاس طلب کر لیاہے، صدر ہائیکورٹ بار پیر مسعود چشتی کا کہناہے کہ ہائیکورٹ بار میں کل فوری نوعیت کے مقدمات کے علاوہ ساڑھے دس بجے بھی کسی مقدمے کی سماعت نہیں ہوگی، وکلاء سانحہ چارسدہ کی مذمت میں ہائیکورٹ میں میں پیش نہیں ہونگے،انہوں نے کہا کہ وکلاء تنظیمیں دہشت گردی کیخلاف حکومت اور سکیورٹی اداروں کے اقدامات کی حمایت کرتی ہیں اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہیں