نیپرا نے کے الیکٹرک کو نومبر 2015ء کے لئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ کے تحت 57 پیسے فی یونٹ اضافہ کی اجازت دے دی

بدھ 20 جنوری 2016 22:44

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ءنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو نومبر 2015ء کے لئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ کے تحت 57 پیسے فی یونٹ اضافہ کی اجازت دے دی ہے۔ نیپرا کی ترجمان عائشہ تصدق نے ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء“ کو بتایا کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے 58 پیسہ فی یونٹ اضافہ کی اجازت مانگی تھی تاہم نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 57 پیسے فی یونٹ اضافے کی اجازت دی ہے۔

50 یونٹ سے کم گھریلو صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے 450 میگاواٹ اپنے ذرائع سے پیداواری استعداد کی حامل بجلی کے استعمال نہ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کے ایڈوائزر عبدالرؤف یوسف نے کہا کہ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے بھی بجلی کی پیداوار کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نے نیپرا کے اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ کے الیکٹرک کے اس دعوے کی تصدیق کر کے اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے اپنے پلانٹ سے بجلی کی پیداوار سے تین کروڑ 82 لاکھ روپے جبکہ زائد لاگت کے فیول سے بجلی کی پیداوار سے 73 کروڑ 88 لاکھ روپے سے زائد کا خسارہ ہوا جس کی وجہ سے 57.66 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوا ہے۔ نومبر کے دوران کے الیکٹرک نے اپنے صارفین کو ایک ارب 21 کروڑ 50 لاکھ یونٹس بجلی سپلائی کی۔

متعلقہ عنوان :