اداکار جیمی فاکس کو حقیقی ہیرو کا خطاب دے دیا گیا

جمعرات 21 جنوری 2016 11:48

اداکار جیمی فاکس کو حقیقی ہیرو کا خطاب دے دیا گیا

کیلیفورنیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء)ہالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جیمی فاکس کو حقیقی ہیرو کا خطاب دے دیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے حادثے کا شکار جلتے ہوئے ٹرک میں پھنسے ایک شخص کو بحفاظت نکال کر اس کی جان بچائی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برٹ کیلی نامی ایک شخص اپنے ٹرک کو تیز رفتاری سے چلا رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑا اور سڑک سے قلابازیاں کھاتا ہوا دور جا گرا۔

حادثے کے فوری بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

(جاری ہے)

یہ حادثہ اداکار جیمی فاکس کے گھر کے بالکل سامنے پیش آیا۔ انہوں نے جب حادثے کی آواز سنی تو فوری طور پر امدادی ٹیم کو فون کرکے اطلاع دی اور خود جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ وہاں انہوں نے دیکھا کہ ٹرک میں آگ لگ چکی ہے اور ایک شخص اس میں پھنسا ہوا ہے۔ جیمی فاکس نے فوری طور پر ٹرک کا شیشہ توڑا اور اسے باہر نکال لیا۔ واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جیمی فاکس نے کہا کہ میں کوئی ہیرو نہیں ہوں۔ مجھے ایک انسان کی جان بچانے کیلئے جو ٹھیک لگا وہ میں نے کیا۔ 32 سالہ برٹ کیلی کے والدین نے اس کی جان بچانے پر جیمی فاکس کا شکریہ ادا کیا ہے۔