ایف بی آر کے چھاپے نہ رکے تو کاروبار بند کردیں گے ، محمود غزنوی

جمعرات 21 جنوری 2016 17:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جنوری۔2016ء ) انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر سید محمود غزنوی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کاروباری مقامات پر چھاپے مارنے کے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ایف بی آر کو ایسے کاروبار دشمن اقدامات اٹھانے سے روکے۔ ایک بیان میں سید محمود غزنوی نے کہا کہ اگر چھاپے مارنے اور تاجروں کو پریشان کرنے کی روش جاری رہی تو تاجر احتجاجاً کاروبار بند کردیں گے جس سے لوگ بے روزگار ہونگے اور خود ایف بی آر کا ریونیو بہت کم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے معاشی مسائل ختم کرنے کے لیے بہت جدوجہد کررہی ہے جسے کامیاب بنانے کے لیے تاجروں کا تعاون بہت ضروری ہے لیکن بیوروکریسی کو اس کا کوئی احساس نہیں اور وہ حکومت و تاجروں کے درمیان تعلقات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سید محمود غزنوی نے کہا کہ تاجر برادری جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے اور حکومت کے ساتھ مل کر ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے تاجروں کو بلاوجہ پریشانیوں میں مبتلا نہ کیا جائے۔

انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ وہ تاجروں کی مشکلات کا نوٹس لیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو چھاپے مار کر تاجروں کو پریشان کرنے سے منع کریں بصورت دیگر تاجروں کے لیے کاروبار جاری رکھنا بہت مشکل ہوجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :