نہتے طلباء اور شہریوں پر حملہ کرنیوالوں کا کوئی مذہب اور عقیدہ نہیں ہوتا‘ رفیق تارڑ

دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے بچوں کو حصول تعلیم کیلئے تعلیمی اداروں میں آنے سے نہیں روک سکتے ‘ سابق صدر

جمعرات 21 جنوری 2016 18:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے باچا خان یونیورسٹی،چارسدہ پر ہونیوالے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک تعزیتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نہتے طلباء اور شہریوں پر حملہ کرنیوالوں کا کوئی مذہب اور عقیدہ نہیں ہوتا۔دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ حملے ہمارے بچوں کو حصول تعلیم کیلئے تعلیمی اداروں میں آنے سے نہیں روک سکتے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے اور اس کے خاتمہ کیلئے جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

محمد رفیق تارڑ نے تعزیتی بیان میں شہداء کے ورثاء سے ا ظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔

اﷲ تعالیٰ انہیں اس صدمہ کو برداشت کرنے کیلئے ہمت اور صبر عطا فرمائے۔ دریں اثناء ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں پاکستان آگہی پروگرام کے سلسلے میں مطالعاتی دورہ کرنیوالے طلبہ نے باچا خان یونیورسٹی پر ہونیوالے حملہ میں شہید ہوجانیوالے پروفیسر اور طلبہ کی ا رواح کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کیلئے فاتحہ خوانی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :