ایک ہفتے کے دوران بجلی کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن ،گڈو تھرمل پاورہاؤس کے گرڈاسٹیشن کے ٹرانسفارمرمیں آگ لگنے سے بیشترعلاقے بجلی سے محروم

بجلی کا بریک ڈاؤن 500کے وی گرڈاسٹیشن کے ٹرانسفارمرپی تھری میں آگ لگنے سے ہوا، آگ پر فوری قابو پاکربحالی کیلئے اقدامات شروع کئے گئے ‘ وزیر پانی وبجلی

جمعرات 21 جنوری 2016 18:11

اسلا م آباد/لاہور/پشاور/میر پور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) ملک میں ایک ہفتے کے دوران بجلی کے دوسرے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختوانخواہ اور آزاد کشمیر کے بیشتر حصے بجلی سے محروم ہوگئے، بجلی کا بریک ڈاؤن گڈو تھرمل پاورہاؤس کے500کے وی گرڈاسٹیشن کے ٹرانسفارمرپی تھری میں آگ لگنے سے ہوا،بجلی کی مسلسل گھنٹوں بندش سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ گڈوتھرمل پاورہاؤس کے500 کے وی گرڈاسٹیشن کے ٹرانسفارمر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے منگلا، تربیلا اور غازی بروتھا کے ہائیڈرو اور تھرمل پاور یونٹس سے بجلی کی پیداوار بھی بند ہوگئی۔بجلی کے بریک ڈاؤن سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد،پنجاب، خیبر پختوانخواہاور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ۔

(جاری ہے)

بریک ڈاؤن کے فوری بعد بجلی کی بحالی کے لئے اقدامات شروع کردئیے گئے ۔

وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بتایا کہ بجلی کا بریک ڈاؤن گڈو تھرمل پاورہاؤس کے500کے وی گرڈاسٹیشن کے ٹرانسفارمرپی تھری میں آگ لگنے سے ہوا، آگ پر فوری قابو پاکر بجلی کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کئے گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ کام مکمل ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کردی جائے گی۔ذرائع کے مطابق گڈوپاوراسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث نارتھ زون میں بجلی بند ہو ئی جس سے تربیلا،منگلا،غازی بروتھا پاوراسٹیشنز بھی ٹرپ کرگئے ۔

بجلی کے بریک ڈاؤن سے قومی اسمبلی کا ایوان بھی تاریکی میں ڈوب گیاجس پراپوزیشن اراکین نے بجلی کی معطلی پر شور شرابا کیا تاہم بعد ازاں متبادل نظام کے ذریعے بجلی بحال کر لی گئی۔قومی اسمبلی اجلاس کے دوران چند لمحوں کے لئے بجلی جانے کا معاملے کی اسپیکر قومی اسمبلی نے انکوائری کا حکم دے دیا ۔وزارت پانی و بجلی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گدو تھرمل پاور پلانٹ کے مقام پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ سسٹم کی 500 کلو واٹ ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع ،خیبر پختوانخواہ اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی۔

بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کی وجہ سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثرہوئے جس سے شدید مشکلات درپیش رہیں۔رواں ماہ 15 جنوری کو بھی صوبہ پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ملک کا 70 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا تھا جبکہ 15 سے زائد پاور پلانٹس بھی بند ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :