Live Updates

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس ٗ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز آپس میں الجھ پڑے

پشاور سے کراچی تک ریلوے زمین ایم ایل ون اور اقتصادی راہداری کے لئے مختص ہے ٗسعد رفیق

جمعرات 21 جنوری 2016 18:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز آپس میں الجھ پڑے۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما محسن عزیز کا کہنا تھا کہ لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ 2 روز میں تیار کرلی گئی تو خیبرپختونخوا کو ماس ٹرانزنٹ منصوبے کے لئے زمین کیوں نہیں دی جارہی۔

محسن عزیز کے بیان پر خواجہ سعد رفیق غصے میں آ گئے اور تحریک انصاف کے رہنما کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کمیٹی میں آ کرسیاست نہ کریں، سیاست کے لئے اسمبلی کا فلور موجود ہے، کمیٹی میں سیاست ہوگی تو جواب دینا آتا ہے، جائز الزام تراشی کریں غلط الزام تراشی برداشت نہیں کریں گے، ریلوے کی زمین زبردستی کوئی نہیں لے سکتا۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پشاور سے کراچی تک ریلوے زمین ایم ایل ون اور اقتصادی راہداری کے لئے مختص ہے، خیبرپختونخوا حکومت کو ماس ٹرانزٹ منصوبے کے لئے ریلوے زمین نہیں دے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے علاقوں کی ترقی کے لئے چین کا انتظار نہیں کریں گے، ریلوے منصوبوں کے لئے چین کی مدد کا 8 سال انتظار نہیں کرسکتے اس لئے ایم ایل ٹو فزیبلٹی کے لئے اظہار دلچسپی کا اشتہار دے دیا ہے، ایم ایل ون اورٹو کی تعمیر سے پاکستان ریلوے کو سالانہ 60ارب آمدن ہوگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات