ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں تشویشناک ہیں‘ میاں مقصود احمد

حکومت پاکستان اپنی خارجہ پالیسیوں کا از سرنوجائزہ لے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 21 جنوری 2016 18:13

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں تشویشناک اور قابل مذمت ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے تانے بانے بھارت سے ملتے دکھائی دے رہے ہیں،حکومت بھارت سے دوستی کے معاملے میں ملک وقوم کے مستقبل سے مت کھیلے،بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس سے خیرکی کوئی توقع نہیں،بھارتی حکومت متعددبار پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر تشویش کااظہارکرنے کے ساتھ ساتھ اسے ہر ممکن طور پر روکنے کااشارہ دے چکی ہے،ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکمرانوں کو جلداور پائیدار اقدامات کرنے ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 332دہشتگردوں کوپھانسی دی گئی،2159دہشتگردوں کوہلاک اور1724گرفتارکیاگیا جبکہ خصوصی عدالتوں کودہشتگردی کے 148مقدمات منتقل کئے گئے۔منی لانڈرنگ کے مقدمات میں37افراد گرفتار ہوئے۔راولپنڈی کے214مقدمات میں322گرفتاریاں کرکے35کروڑروپے وصول کئے گئے۔

بائیومیٹرک تصدیق کے تحت9کروڑ80لاکھ موبائل سمزبلاک کی گئیں۔ملک کی دینی وسیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے حکومت ملک میں امن وامان قائم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔کراچی،بلوچستان اور دیگر علاقوں میں حالات پہلے سے خاصے بہتر ہوئے ہیں مگر ابھی اس سلسلہ میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ فضاء دشمنوں کی سازشوں کاشاخسانہ ہے۔

جس کے پیچھے بھارت کی ’’را‘‘اسرائیل کی’’موساد‘‘اور امریکی ’’سی آئی اے‘‘کی خفیہ کاروائیوں کاہاتھ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ نام نہاد امریکی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو برداشت کرناپڑا ہے مگربدقسمتی سے آج بھی پاکستان کو دنیا میں شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنی خارجہ پالیسی کوازسرنوجائزہ لیتے ہوئے قومی مفادات کوپیش نظر رکھ کرنئی خارجہ پالیسی بنائی جائے۔