پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت 4 ہزار خواتین کے لئے مارکیٹ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا

ڈومیسٹک ورکرز پروگرام کے تحت گھریلو سطح پر کام کرنے والی 10000خواتین کو تربیت فراہم کی جائے گی‘ وہ معاشی طو رپر مستحکم ہو سکیں‘حمیدہ وحید الدین

جمعرات 21 جنوری 2016 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت 4 ہزار خواتین کے لئے مارکیٹ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے نیز ڈومیسٹک ورکرز پروگرام کے تحت گھریلو سطح پر کام کرنے والی 10000خواتین کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ معاشی طو رپر مستحکم ہو سکیں ۔

وہ یہاں پنجاب اسمبلی میں ILO / کینیڈین ہائی کمیشن کے وفد سے گفتگو کر رہی تھیں - وفد میں سینئر ریجنل ڈائریکٹر برائے افغانستان ، پاکستان اور سری لنکا‘ مس لیزلی ٹینے اور جینڈر ایڈوائزر برائے کینیڈین پروگرام سپورٹ یونٹ کی ڈاکٹر فرحت شیخ شامل تھے - صوبائی سیکرٹری ڈاکٹر آمنہ امام بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

حمیدہ وحید الدین نے وفد کو حکومت پنجاب کے خواتین کی فلاح و بہبود ، معاشی ترقی اور تحفظ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور وویمن پیکیج 2016 ء کے لئے مجوزہ تجاویز سے آگاہ کیا - صوبائی وزیر نے وفد کو ILO کے تعاون سے گھریلو ورکروں ، ڈے کیئر سنٹر اور ورکنگ وویمن ہوسٹلز کے سٹاف کی تربیت کے پروگرام کے متعلق بھی آگاہ کیا -انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو معاشی طو رپر مستحکم کرنے کے لئے خود روزگار سکیم کے تحت آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا آغاز کیا ہے - اس پروگرام کے تحت اب تک 4.8 ارب روپے کے قرضے دئیے جا چکے ہیں اوران میں سے 40 فیصد قرضے پنجاب بھر کی خواتین کو دئیے گئے ہیں - صوبائی سیکرٹری نے (WOW) ویمن آن وہیلز مہم اور خواتین کو درپیش ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی ۔

وفد نے حکومتی اقدامات کو سراہا اور ، گھریلو ورکروں کی تربیت اور معاشی ترقی میں خواتین کے کردار ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :