پاکستان میں دہشت گردی افغانستان کے ذریعے ہورہی ہے‘امریکہ،اسرائیل اور بھارت اسے دہشت گردی کے ذریعے کمزور کرنے کی سازشوں میں مصرو ف ہیں

پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 21 جنوری 2016 19:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی افغانستان کے ذریعے ہورہی ہے جس میں بھارت کی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ ملوث ہے۔

(جاری ہے)

یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد سانحہ چارسدہ کی کڑیاں بھی افغانستان سے جاملتی ہیں ،باچاخان یونیورسٹی پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کوافغانستان سے ہی ہدایات دی جارہی تھیں،پاکستان کے باربار مطالبہ کے باوجود افغان حکومت نے ابھی تک مطلوب دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے نہیں کیا ، ان مفروردہشت گردلیڈروں کو ہی پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا افغان حکومت کے بھارت سے انتہائی دوستانہ تعلقات ہیں اور بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے اہم عہدیدار بھی افغانستان میں موجود ہیں، باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے کچھ ہی دیر بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا مذمتی بیان محض ایک ڈھکوسلا ہے،ہمیں دہشت گردی کیخلاف حکمت عملی میں بہتری لانے کیلئے حالات و واقعات کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا،پاکستان چونکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہے اسلئیے امریکہ،اسرائیل اور بھارت اسے دہشت گردی کے ذریعے کمزور کرنے کی سازشوں میں مصرو ف ہیں۔