”خوراک کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پانی کے تحفظ میں درپیش چیلنجز“ کے موضوع پر تین روزہ کانفرنس ختم ہو گئی

جمعرات 21 جنوری 2016 21:14

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان اکیڈمی آف سائنسز اور ایشیائی ممالک میں ایسوسی ایشن آف اکیڈمیز اینڈ سوسائٹیز آف سائنسز کے زیر اہتمام ”خوراک کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پانی کے تحفظ میں درپیش چیلنجز“ کے موضوع پر تین روزہ کانفرنس ختم ہو گئی۔ جمعرات کو کانفرنس کے اختتامی روز شرکاء نے وفاقی دارالحکومت میں مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کی۔

کانفرنس میں پاکستان، ترکی، ملائیشیا، کوریا، نیپال، بھارت، قازقستان، جارجیا اور کینیڈا سے معروف ماہرین نے شرکت کی۔ شرکاء کو مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کرایا گیا۔ شرکاء وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے اور اسلام آباد کے قدرتی حسن کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

تین روز تک جاری رہنے والی کانفرنس میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، پانی کے استعمال اور غذائی تحفظ پر غور کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ ایشیائی ممالک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ پانی کے ذرائع میں کمی ایک حوصلہ شکن خطرہ ہے، اس تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں پانی کے محدود وسائل کو موثر اور پائیدار انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کے اس بین الاقوامی فورم کا افتتاح وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کیا اور اختتامی اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کی۔

متعلقہ عنوان :