ایپل نے آئی فونز میں سافٹ ویئر بگ کا اعتراف کرلیا

مسئلہ درپیش ہو تو آئی فون کو ری اسٹارٹ یا سیٹ آٹومیٹکلی کو ان ایبل کردیں،کمپنی

جمعرات 21 جنوری 2016 22:01

ایپل نے آئی فونز میں سافٹ ویئر بگ کا اعتراف کرلیا

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء)کیا آپ کے آئی فون سکس ایس یا سکس ایس پلس کی بیٹری بغیر کسی وارننگ کے اچانک ختم ہوجاتی ہے؟ اگر ہاں تو آپ تنہا نہیں،میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ سال سامنے آنے والے ان آئی فونز کو استعمال کرنے والے متعدد صارفین نے ایپل کے سپورٹ فورم پر اس مسئلے کا ذکر کیا ،صارفین کے مطابق ایک منٹ پہلے بیٹری کا انڈیکٹر اسے فل چارج دکھا رہا ہوتا ہے اور اگلے ہی منٹ ڈیوائس کی پاور اچانک ختم ہوجاتی ہے۔

کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ بغیر کسی خاص ایپ کے استعمال کے باوجود ان کی بیٹری ختم ہوجاتی ہے جبکہ فون بھی گرم ہوجاتا ہے۔یہ شکایات ستمبر میں ان فونز کی فروخت کے بعد سامنے آنے لگی تھیں مگر اب ایپل نے اس کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی او ایس نائن میں ایک سافٹ ویئر بگ کی وجہ سے بیٹری انڈیکٹر درست لیول شو نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

آسان الفاظ میں بظاہر تو ایسا نظر آتا ہے کہ آئی فون کی بیٹری بہت تیزی سے ختم ہورہی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ بیٹری انڈیکٹر دن بھر میں اسٹیٹس کو اپ ڈیٹ نہیں کرتا۔

ایپل سپورٹ پیج کے مطابق یہ مسئلہ اس وقت سامنے آتا ہے جب صارفین مینوئلی ڈیوائس کا وقت یا ٹائم زون بدلتے ہیں۔ایپل نے صارفین کو اس کا عارضی حل بھی بتایا ہے کہ ایک تو آئی فون کو ری اسٹارٹ کرنا، اگر اس سے بھی یہ مسئلہ حل نہ ہو تو سیٹنگز ایپ میں جائیں، وہاں پہلے جنرل اور پھر ڈیٹ اینڈ ٹائم پر جائیں اور ' سیٹ آٹومیٹکلی' کو ان ایبل کردیں۔ایپل کا مزید کہنا ہے کہ اگر پھر بھی مسئلہ سامنے آئے تو ایپل سپورٹ سے رجوع کیا جائے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے مستقل حل کے لیے کام کیا جارہا ہے مگر ابھی اس کا وقت بتانا ممکن نہیں۔