Live Updates

چیئرمین پی ٹی آئی کا پنجاب میں جنگلات کے مسلسل کٹاؤ پر تشویش کا اظہار ،حکومتی شخصیات ڈپٹی سپیکر پنجاب کے جنگلات کی اراضی پر قبضے پر کڑی تنقید

بلین ٹری سونامی مہم کے کامیاب تسلسل پر خیبرپختونخوا حکومت مبارکباد کی مستحق ہے ، عالمی اداروں کی جانب سے منصوبے کی تحسین صوبائی حکومت کا اہم کارنامہ ہے، عمران خان

جمعرات 21 جنوری 2016 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں جنگلات کے مسلسل کٹاؤ پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی شخصیات بشمول صوبائی ڈپٹی اسپیکر کے جنگلات کی اراضی پر قبضے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے برعکس خیبرپختونخوا میں حکومت آئندہ نسلوں کو موسمیاتی تغیرات کے مہلک اثرات سے محفوظ بنانے کیلئے انتہائی متحرک انداز میں کام کر رہی ہے اور صوبے میں جنگلات کے رقبے کو بڑھانے، نئے درخت لگانے اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے انتہائی اہم اقدامات اٹھانے میں مصروف ہے۔

بلین ٹری سونامی مہم کے کامیاب تسلسل پر صوبائی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے جبکہ عالمی اداروں کی جانب سے اس منصوبے کی تحسین بھی صوبائی حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں حکومتی سرپرستی میں جنگلات کا کٹاؤ جاری ہے اور چھانگا مانگا، کندیاں،چیچہ وطنی کے مقام پر قائم جنگلات کا تیزی سے صفایا ہورہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت نہ صرف اپنے جنگلات کی حفاظت کرے گی بلکہ لاکھوں ایکڑ اراضی پر مشتمل نئے جنگلات لگائے جائینگے اور صوبے میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

صوبے بھر میں نیشنل پارکس کے قیام میں بھی تیزی لائی جائیگی، تاکہ نہ صرف آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے بلکہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو روکنے کی بھی تدبیر کی جا سکے۔ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی عالمی سطح پر پذیرائی پر وزیراعلی، ماحولیات اور جنگلات کے محکموں کے حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایشاء پروٹکٹیڈ ایریاز پارٹنرشپ میں خیبرپختونخوا کی شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی حکومت کو اس اہم سنگ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے گلوبل وارمنگ کے اثرات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور ماحولیاتی تنزلی کا سلسلہ روکنے کیلئے ایک ارب درخت اگانے کا عہد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک تقریباً گیارہ کروڑ درخت لگائے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ تین ماہ میں پچیس کروڑ درخت لگائیں گے جبکہ 2018تک ایک ارب بیس کروڑ درخت اگانے کا ہدف پورا کرینگے۔ا نہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبے میں حکومت سے قبل بیس ارب سالانہ مالیت کی لکڑی چوری کی جاتی تھی جس کا فوری طورپر تدارک کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا سے ہزاروں ایکڑ اراضی بھی واگزار کروائی ہے جس پر صوبائی حکومت تحسین کی مستحق ہے۔ APAمیں خیبرپختونخوا کی شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں IUCN کے ڈائریکٹر کی جانب سے دستاویزجنگلات کے سیکرٹری کے سپرد کی گئیں، جبکہ AKDNکے ساتھ مفاہمت یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات