چوہدری نثار کا عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم کی میڈیا سے گفتگو کا نوٹس ، ملزم کو عدالت پیش کرنیوالا پولیس افسر معطل، عمرا ن فاروق کیس عدالتی ہے ، میڈیا سرکس بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،ملزم کی میڈیا سے بات چیت کیس پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

جمعرات 21 جنوری 2016 23:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے نامزد ملزم خالد شمیم کی عدالت کی پیشگی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کا سخت نوٹس لے لیا ، وزیرداخلہ نے ملزم کو میڈیا سے دور نہ رکھنے پر پولیس افسر کو فوری معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

جمعرا ت کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ عمرا ن فاروق کیس کو عدالتی کیس ہی رہنا چاہیئے اسے میڈیا سرکس بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

ملزم کی میڈیا سے بات چیت عدالتی کاروائی پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہتا رہے عمران فاروق قتل کیس میں صرف سچائی اور انصاف کو مقدم رکھا جائے گا ۔ وزیرداخلہ نے خالد شمیم کی عدالت میں پیشگی کے موقع پر پولیس گارڈ زکے انچارج کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا۔