امریکی حکومت نے ویزا استثنیٰ پروگرام کو سخت کر دیا‘ ایران، عراق، سوڈان یا شام

کا دورہ کرنے والے یا ان ممالک کے سابق شہری آسانی سے امریکہ میں داخل نہیں ہوسکیں گے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 22 جنوری 2016 10:59

امریکی حکومت نے ویزا استثنیٰ پروگرام کو سخت کر دیا‘ ایران، عراق، سوڈان ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 22 جنوری۔2015ء) امریکی حکومت نے ویزا استثنیٰ پروگرام کو سخت کر دیا ہے تاکہ ایران، عراق، سوڈان یا شام کا دورہ کرنے والے یا ان ممالک کے سابق شہری آسانی سے امریکہ میں داخل نہ ہوسکیں۔ویزا استثنیٰ پروگرام میں اس تبدیلی کی منظوری گزشتہ برس کانگریس نے دی تھی اور صدر اوباما نے دستخط کرکے اسے قانون کی شکل دی تھی۔

پیرس میں دہشت گردوں کے حملے جس میں 130 افراد ہلاک اور پھر سان برنارڈینو کے حملے کے بعد جس میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے، نئے قوائد پر عملدرآمد 21 جنوری سے شروع کر دیا گیا ہے۔ برنارڈینو کے حملے میں ایک مسلم نوجوان اور اس کی پاکستانی بیوی ملوث بتائے گئے تھے جسے منگیتر ویزا پر امریکہ میں داخلے کے لئے کلیئر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نئے قانون کے تحت ویزا سے استثنیٰ وہ لوگ جو ایران، عراق، سوڈان اور شام سے سفر کر رہے ہوں، امریکی سفارتخانوں سے معمول کے طریقہ کار کے مطابق ویزا حاصل کئے بغیر امریکہ میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

تاہم، بعض خصوصی وجوہات کی بنا پر ان کے کیس کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسے توقع نہیں کہ ویزا سے استثنیٰ مسافروں کی بڑی اکثریت اس پابندی سے متاثر ہوگی۔ویزا استثنیٰ پروگرام کے تحت دنیا کے 38 ممالک کے مسافروں کو ویزے کے بغیر امریکہ داخل ہونے اور انھیں 90 دن تک یہاں رہنے کی اجازت حاصل ہے۔ایک تخمینہ کے مطابق، ہر سال دو کروڑ لوگ ویزا استثنیٰ پروگرام کے تحت امریکہ کا دورہ کرتے ہیں۔