اداکارہ ثنا کی فلم ”ہجرت“ کی نمائش فروری تک ملتوی

مذکورہ فلم 21 جنوری کو سینماوٴں میں پیش کی جانی تھی‘نئی تاریخ کا اعلان جلد ہوگا

جمعہ 22 جنوری 2016 11:51

اداکارہ ثنا کی فلم ”ہجرت“ کی نمائش فروری تک ملتوی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) اداکارہ ثنا کی فلم ”ہجرت“ کی نمائش فروری تک ملتوی ہوگئی ،جس میں ہدایتکار فاروق مینگل نے اداکارہ پر ایک آئٹم سانگ فلمایا ہے جس کے مرکزی کرداروں میں رابعہ اور اسد زمان ہیں۔ مذکورہ فلم 21 جنوری کو سینماوٴں میں پیش کی جانی تھی مگر اب معلوم ہوا ہے کہ اس کی نمائش فروری تک کے لیے موخر کردی گئی ہے اور نئی حتمی تاریخ کا اعلان ایک دو روز میں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے اداکارہ ثنا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کی تشہیری مہم کے لیے لاہور،کراچی سمیت دوسرے شہروں اور بیرون ممالک کے لیے ہدایتکار فاروق مینگل نے پوری ٹیم کوتیارکیاہواتھا،جو فی الحال نمائش ملتوی ہونے پرکینسل دی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں مجھ پر انتہائی خوبصورت آئٹم سانگ فلمایا گیا ، جس کا ٹیزر ان دنوں سوشل میڈیا پر بے لائک کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ آئٹم سانگ فلم کی پروموشن میں بھی اہم رول ادا کر رہا ہے۔ ایک اور سوال پر انھوں نے بتایا کہ ترکی میں نئی فلم ”زہرعشق“ کی شوٹنگ کرکے آئی ہوں ۔اس میں ایک گانے کے علاوہ خصوصی کردار نبھا رہی ہوں جو کہانی کا ٹرننگ پوائنٹ ہوگا۔ساحر لودھی کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ”راستہ“ میں بھی اہم کر رہی ہوں جس کا پانچ چھ روز کا کام باقی رہ گیا ہے۔

ثنا نے کہا کہ ان کے علاوہ مجھے مزید دو اور فلموں کی آفرز ہیں جن کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔کراچی اور لاہور میں شٹل کاک بنی ہوئی ہوں ، چند روز بعد لاہور آرہی ہوں جہاں چند ایک کمرشل شوٹس کے علاوہ ٹی وی ریکارڈنگز بھی ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں ثنا نے کہا کہ شوبز ہی اوڑھنا پچھوڑنا ہے،شادی سے پہلے اور بعد میں بھی کام کر رہی ہوں، اس حوالے سے شوہر فخر امام بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں ۔ ذاتی پروڈکشن شروع کرنے کے حوالے سے آپ نے بالکل صحیح سنا ہے ،مرتے دم تک یہی کام کرنا ہے ،مگر بچے چھوٹے ہونے کی وجہ سے موخر کیا ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی پروڈکشن میں اداکاری کے ساتھ بطور ہدایتکارہ بھی کام کروں گی ،فلم کے ساتھ ٹی وی ڈرامہ سیریلز اور پروگرامز بھی بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :