تیسرا ٹی ٹونٹی : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 197رنز کا ہدف دیدیا

جمعہ 22 جنوری 2016 12:34

تیسرا ٹی ٹونٹی : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 197رنز کا ہدف دیدیا

ویلنگٹن(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار22جنوری- 2016ء) 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو میچ اور سیریز اپنے نام کر نے کے لیے 197رنز کا ہدف دیا ہے ۔ ویسٹپاک سٹیڈیم ، ویلنگٹن میں جاری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت پر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو ایک بار پھرمحض 6اوورز میں 57رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا ،اس موقع پر مارٹن گپٹل 42رنز کی اننگز کھیل کر شاہد آفرید ی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔

کیوی کپتان کین ولیمسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹکے اور33رنز کی اننگز کھیل کر وہاب ریاض کا شکار بن گئے ۔ کولن منرو 4رنز بنا کر محمد رضوان کی پھرتیلی فیلڈنگ کے باعث رن آؤٹ ہوئے، روس ٹیلر 6رنز بنا کر زخمی ہونے کے باعث ریٹائر ہرٹ ہوکر میدان سے واپس چلے گئے جس کے بعد گرانٹ ایلیٹ اور کورے اینڈرسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 80رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران اینڈرسن نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئرکی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی ۔

(جاری ہے)

174کے مجموعی سکور پر ایلیٹ 19رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ،لیوک رونچی نے بھی زیاد ہ دیر کریز پر نہ گزاری اور 1رن بنا کر وہاب ریاض کو وکٹ تھما دی ۔ کورے ایڈرسن نے اپنے لاٹھی چارج کے ذریعے نیوزی لینڈ کا سکور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 196رنز تک پہنچا دیا ، اینڈرسن42گیندوں پر 82رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2اور شاہد آفریدی نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔

تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے لائیو سکور سے اپ ڈیٹ رہنے کے لیے لنک پر کلک کریں