ماسٹرز چیمپئنز لیگ آغاز سے قبل ہی تنازعات کی زد میں

جمعہ 22 جنوری 2016 14:27

ماسٹرز چیمپئنز لیگ آغاز سے قبل ہی تنازعات کی زد میں

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) ماسٹرز چیمپئنز لیگ آغاز سے قبل ہی تنازعات کی زد میں آگئی اور اس پر حاضر سروس کھلاڑیوں کو لبھانے کا الزام عائد ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ماسٹرز چیمپئنز لیگ کا آغاز آئندہ جمعرات کو دبئی میں ہورہا ہے جس میں کھیل سے جڑے بڑے نام ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیں گے، مگر آغازسے قبل ہی ایونٹ کے حوالے سے اعتراضات اور تحفظات سامنے آناشروع ہوگئے ہیں، ایک خلیجی اخبار کے مطابق کچھ فل ممبران نے لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے اسٹیٹس غیریقینی ہونے کی شکایت کردی، خود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھی لیگ کے حوالے سے اب غیرمطمئن دکھائی دے رہی ہے۔

اس کی جانب سے اپنے ممبرز کو ای میل کے ذریعے کہا گیاکہ اگر کوئی حاضر سروس یا ریٹائرمنٹ نہ لینے والا کھلاڑی ایم سی ایل میں حصہ لینے کے لیے این او سی لینا چاہے تو اسے مطلع کریں۔

(جاری ہے)

کونسل نے ایم سی ایل کی منظوری امارات کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کو قبول کرنے اور اس کے صرف ریٹائرڈ کرکٹرز تک محدود ہونے کی بنیاد پر دی تھی، مگر اب لیگ کی جانب سے موجودہ کرکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کی کوششوں کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ایسے کھلاڑیوں میں رچرڈ لیوی، فیڈل ایڈورڈز، کرشمار سانتوکی، گراہم اونینز اور کئی دیگر شامل ہیں۔ تحفظات ظاہر کرنے والوں میں پاکستان اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ موجود ہیں جبکہ ایک اور بورڈ نے بھی تشویش ظاہر کی ہے