سندھ کے ضلع سانگھڑ اور لوئردیرکے پی کے میں کل بلدیاتی انتخابات ہوں گے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 22 جنوری 2016 14:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 22 جنوری۔2015ء) سندھ کے ضلع سانگھڑ اور لوئردیرکے پی کے میں 23 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے ،اس سے قبل دو مرتبہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ان شہروں میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے گئے تھے۔31اکتوبر کو خیرپور میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں فائرنگ کے واقعہ میں 11افراد کی ہلاکت پر سانگھر میں بھی امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہوئی۔

12 نومبر کو سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے رہنماجمال الدین کے بیٹے سعود آرائیں کے قتل نے سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کردیا اور 19 نومبر کے بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوگئے۔الیکشن کمیشن نے 17 دسمبر کو دوسری بار بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیالیکن 15 دسمبر کو پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ کی ریلیوں کے تصادم میں پیپلز پارٹی کے چار افراد کی ہلاکت کے بعد دوبارہ الیکشن ملتوی ہوگئے۔

(جاری ہے)

اب ایک بار پھر الیکشن کمیشن نے 23 جنوری کو ضلع سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیاہے۔ سانگھڑ کی عوام ایک ڈسٹرکٹ کونسل ،چار میونسپل کمیٹیز ، 11 ٹاوْن کمیٹیز اور 73 یونین کونسلز کیلئے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔دوسری جانب لوئر دیر کی تین یونین کو نسلز میں ضمنی انتخابات ہونگے جس کیلئے 16امیدوار میدان میں اتر گئے ہیں۔لوئر دیرکے تین یونین کونسلز سلطان خیل،کوٹی گرام اور طورمنگ ون میں 23جنوری کو بلدیاتی ضمنی الیکشن کے سلسلے میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد شمار کے مطابق تینوں یونین کونسلز میں 40000مردوخواتین اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن کیلئے 17 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 5 پولنگ سٹیشنز خواتین جبکہ12 پولنگ سٹیشنز مردوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔تمام پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں اور سکور ٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :