حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں، دہشت گردی کے ہر واقعہ کو روکنا ممکن نہیں ہوتا ‘ وزیر مملکت

جمعہ 22 جنوری 2016 14:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) وزیر ائے مملکت کی جانب سے انجینئر بلیغ الرحمن اور طارق فضل چوہدری کی جانب سے سینٹ کوبتایاگیا ہے کہ حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں، دہشت گردی کے ہر واقعہ کو روکنا ممکن نہیں ہوتا ‘بلوچستان میں نادرا کے فارغ کئے گئے ملازمین کے لئے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا اہتمام کیا جا رہا ہے جمعہ کو سینٹ اجلاس کے دوران سینیٹر داؤد خان کے عوامی اہمیت کے معاملہ پر اٹھائے گئے نکتہ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نادرا کے 8 ملازمین کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے، ان کا ٹیسٹ لیا گیا تھا جس میں وہ ناکام رہے، انہیں دوبارہ موقع دیا جا رہا ہے اور پاسنگ نمبر بھی کم کر دیئے گئے ہیں۔

چیئرمین نے کہا کہ پاسپورٹ آفس کوٹہ میں بھرتیوں کے لئے کراچی کی بجائے انٹرویو اگر کوئٹہ میں لئے جائیں تو بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔ سینیٹر محمد جاوید عباسی کے عوامی اہمیت کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سٹیزن کلب جب بنایا گیا تو اس وقت سی ڈی اے سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔

اس کا پی سی ون 2 ارب 70 کروڑ روپے تھا جس کے تحت سٹیزن کلب، لیڈیز کلب اور چار کمیونٹی سینٹرز بنائے جانے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں سٹیزن کلب کا معاملہ سی ڈی اے کے انجینئرنگ ونگ کے حوالے کیا گیا، اس کا پی سی ون 3150 ملین روپے بنا ہے، اس منصوبے پر کام جاری ہے۔ رواں سال یہ منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا جس پر چیئرمین نے توجہ دلاؤ نوٹس نمٹا دیا۔

وزیر کیڈ نے کہا کہ پمز ہسپتال میں کوئی ٹراما سینٹر کام نہیں کر رہا اور ہسپتال میں ٹراما سینٹر جلد تعمیر کیا جائے گا۔ سینیٹر مولانا عطاء الرحمان کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملے کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ مدارس کے حوالے سے کوائف حاصل کئے جا رہے ہیں، یہ درست ہے کہ کچھ ان ڈیو چیزیں بھی تھیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کے کوائف جمع کئے جا رہے ہیں۔

وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس سے رابطے ہیں، ان کے کچھ تحفظات درست تھے جس کے بعد فارمز کو بہتر بنایا گیا اور گھریلو قسم کی معلومات کے حصول کو حذف کر کے ایک نئے کوائف نامے پر اتفاق کیا گیا، مختلف ایجنسیاں بار بار معلومات کیلئے جاتی تھیں، اس سلسلے کو بھی بہتر بنایا گیا اور ایک فوکل ادارہ بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ علماء اور مدارس اس سلسلے میں تعاون کر رہے ہیں جس کا خیرمقدم کرتے ہیں، مدارس کی تعداد کو ریکارڈ کیا جا رہا ہے، صوبوں میں اس حوالے سے کام ہو رہا ہے۔

دو تین سال پہلے دہشت گردی کے جو حالات تھے، آج حالات اس سے بہت بہتر ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام فریقین نے مل کر کام کیا ہے اور بہت سے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کی گئی ہے۔ صفورا گوٹھ کے سانحہ کے ملزموں تک پہنچایا گیا۔ ہر حادثے کو ہونے سے روکنا ممکن نہیں ہوتا، پہلے سے اندازہ تھا کہ آپریشن ضرب عضب کا ردعمل آئے گا جس سے نمتنے کے لئے ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اور انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی کا کام بہتر ہوا ہے ۔بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔ جمعہ کووقفہ سوالات اور ایجنڈے میں شامل امور نمٹائے گئے جس کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔