کاسا1000اور طور خم جلال آباد شاہراہ سے علاقائی رابطے مربوط ہوں گے، اقتصادی راہداری کے تحت بنیادی ڈھانچے اور ریلوے کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں،پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے ملکوں کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے، افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام چاہتے ہیں،مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، لائن لاسزکم کیا جا رہا ہے،بے پناہ قدرتی وسائل اور جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کاروبار کیلئے بہترین ملک ہے، پاکستان میں میڈیا آزاد اور سول سوسائٹی متحرک ہے، حکومت پالیسیوں میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے، داخلی وسلامتی کی صورتحال میں بہتری سے معیشت مستحکم ہوئی ہے،حکومت خود انحصاری اور نجکاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، دہشت گردوں کے خلاف موثر اقدامات سے امن قائم ہوا،پاکستان پراعتماد اور محفوظ ملک ہے

وزیراعظم نواز شریف کا ڈیوس میں ملاقات کرنے والے تاجروں سے خطاب

جمعہ 22 جنوری 2016 15:44

ڈیوس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کاسا1000اور طور خم جلال آباد شاہراہ سے بھی علاقائی رابطے مربوط ہوں گے، اقتصادی راہداری کے تحت بنیادی ڈھانچے اور ریلوے کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں،پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے ملکوں کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے، افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام چاہتے ہیں،مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، لائن لاسزکم کیا جا رہا ہے،بے پناہ قدرتی وسائل اور جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کاروبار کیلئے بہترین ملک ہے، پاکستان میں میڈیا آزاد اور سول سوسائٹی متحرک ہے، حکومت پالیسیوں میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے، داخلی وسلامتی کی صورتحال میں بہتری سے معیشت مستحکم ہوئی ہے،حکومت خود انحصاری اور نجکاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، دہشت گردوں کے خلاف موثر اقدامات سے امن قائم ہوا،پاکستان پراعتماد اور محفوظ ملک ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو ڈیوس میں ملاقات کرنے والے تاجروں سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، افرادی قوت کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا 10ویں بڑا ملک ہے، پاکستان کی شرح نمو دنیا میں 44ویں نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف موثر اقدامات سے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، حقیقی تبدیلی آئی ہے، پاکستان پراعتماد اور محفوظ ملک ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بے پناہ قدرتی وسائل اور جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کاروبار کیلئے بہترین ملک ہے، پاکستان میں میڈیا آزاد اور سول سوسائٹی متحرک ہے، حکومت پالیسیوں میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے، داخلی سلامتی کی صورتحال میں بہتری سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، وژن2025میں عوام کی ترقی کو اولین ترجیح دی گئی ہے، پائیدار ترقی کیلئے معاشی اصلاحات لائی گئی ہیں، حکومت خود انحصاری اور نجکاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، نوجوانوں کی ترقی کیلئے یوتھ لون پروگرام شروع کیا ہے، یوتھ لون پروگرام میں خواتین کا 50فیصد حصہ رکھا گیا ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقیاتی اخراجات کو دوگنا کیا ہے، سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کادائرہ کار وسیع کیا گیا ہے، حکومت توانائی کے شعبے کی ترقی، علاقائی رابطوں اور سرمایہ کاری کا فروغ چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، لائن لاسز کو کم کیا جا رہا ہے، تیل اور گیس کے پیداوار میں اضافے کے لئے پرکشش مراعات دی ہیں،گیس کی کمی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، آئندہ 2سالوں میں 10ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل ہو گی جبکہ 2018ء کے بعد 14ہزار میگاواٹ مزید بجلی بھی نظام میں شامل ہو جائے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خطے کے ملکوں کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اقتصادی راہداری، تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے خطے کے ملک قریب آئیں گے،کاسا1000اور طور خم جلال آباد شاہراہ سے بھی علاقائی رابطے مربوط ہوں گے، اقتصادی راہداری کے تحت بنیادی ڈھانچے اور ریلوے کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے ملکوں کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے، افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام چاہتے ہیں۔