اسلام امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے،دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں‘حافظ حبیب الرحمن

جمعہ 22 جنوری 2016 16:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء)مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری جنرل حافظ حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے،اس وقت دنیا کو سب سے بڑا درپیش چیلنج دہشت گردی ہے،دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل حدیث راوی روڈ کی جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

انہوں نے چارسدہ باچا خاں یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ تعلیمی اداروں کو قتل گاہیں بنانے والے تعلیم کے دشمن ہیں اور قوم کو جہالت کے اندھیروں میں رکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے دشمن کی سازشیں جاری ہیں، پاکستا ن کمزور ہو گا تو دنیا پھر کے مسلمان کمزور ہو نگے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں مسلمانوں اور بے گناہ لوگوں پر خود کش حملے کرنے والے گمراہ لوگ ہیں جن کا دین اسلام کے ساتھ کوئی تعلق اور واسطہ نہیں ہے۔

نفاق سے بچنا، قتل و غارت گری سے ہاتھ روکنا اور اپنی روز مرہ زندگی میں اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ جذبہ خیر سگالی کے بغیر قیام امن کی ہر کوشش ناکام رہتی ہے اس لئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر رواداری کے جذبات کی ترویج اور وسیع پیمانے پر اس کی تشہیر آج کے انسان کی بھی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبوی انقلاب رحمت صحیح معنوں میں انقلاب تھا جو انسانی زندگی میں خوشگوار تبدیلیوں کا باعث بنا اور جس کے ثمرات سے بنی نوع انسان رہتی دنیا تک فیض یاب ہوتی رہے گی جس نے فرد کے اندر بھی انقلاب برپا کیا۔

فتح مکہ کے وقت حضور چاہتے تو ایک ایک ظلم کا بدلہ لے سکتے تھے۔ ایک ایک زیادتی کا جواب دیا جا سکتا تھا لیکن حضور جنہیں کل جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا تھا نے عام معافی کا اعلان کر کے تاریخ کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا حتی کہ اپنے خون کے ”پیاسوں“ کو بھی معاف کر دیا، ذاتی انتقام کا ہر تصور ہوا میں” تحلیل“ ہو کر رہ گیا۔ مقابلہ نہ کرنے والوں سے’ ’تعرض “نہ کیا گیا۔ اسلامی عساکر کے سالار کو ہدایت جاری ہوئیں کہ بچوں، بوڑھوں اور عورتوں اور مذہبی راہنماوں پر ہاتھ نہ اٹھایا جائے۔ نبی رحمت نے اپنے دائمی امن کی بنیاد رکھی۔ ہم اسوہ رسول پر عمل کرکے دہشت گردی کاخاتمہ کرسکتے ہیں۔