آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے زلز لہ زد ہ علاقوں میں تعمیر نو کے منصوبہ جات پر سست پیش رفت، ایرا ء کا ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

جمعہ 22 جنوری 2016 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے منصوبہ جات پر سست پیش رفت کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف ایرا کی جانب سے سخت کاروائی کا فیصلہ منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کیلئے حکومتی ہدایات کے بعد ایرا نے آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے منصوبہ جات پر سست پیش رفت کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ کر لیاہے ۔

ایرا اور نیسپاک کے اعلیٰ عہدیداروں نے ایرا ہیڈ کواٹرز میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں جاری منصوبہ جات میں زیادہ تر منصوبے معاہدے کی شرائط کے مطابق سبک رفتاری سے جاری ہیں تاہم کچھ منصوبے ٹھیکیداروں کی وجہ سے سست روی کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے نادہندہ ٹھیکیدروں کو فی الفور نوٹس جاری کیے جائیں اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

اجلاس میں ایرا کے ڈائریکٹر جنرل پلاننگ انجینئر طاہر پرویز ڈار،پراجیکٹ ڈائریکٹرز ، ایرااور نیسپاک کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت کنٹریکڑز کے نمائند وں نے منصوبوں پر جاری ترقیاتی کام کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے تجاویز پیش کیں۔ اس سلسلے میں آٹھ ٹھیکیداروں کا تعین کیا گیا جنہیں بار بار کے نوٹس کے باوجود مقررہ مدت میں کام کی رفتار سست رکھی اور اس بدترین کارکردگی کی وجہ سے انکے معاہدے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس میں غیر فعال ٹھیکیداروں کو سختی سے خبر دار کیا گیا کہ وہ کام کی رفتا ر کو درست کریں ۔اجلاس میں متنبہ کیا گیا کہ ایسے ٹھیکیداروں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا جن کے منصوبے سست روی کا شکار ہیں کیونکہ یہ قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ منصوبوں پر کام کی رفتا ر کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا ئے گااور اس سلسلے میں ایرا کے قائم مقام ڈپٹی چیئرمین بریگیڈیئر ابوبکر امین باجوہ نے ایرا کے مانیٹرنگ اینڈ ایوولیشن ونگ کے ڈائریکڑجنرل کو خصوصی ٹاسک تفویض کر دیا ہے۔

اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیر نو کے منصوبوں پر کام کا جائزہ لیا گیااور بتا یا گیا کہ ایرا نے 14ہزار سے زائد منصوبوں میں سے 9974منصوبے مکمل کر لیے ہیں جن میں صحت، تعلیم ، فراہمی و نکاسی آب کے علاوہ دیگر منصوبے شامل ہیں اجلاس میں اقوام متحدہ کی جانب سے8اکتوبر 2005کے زلزلے میں تعمیر نو اور بحالی میں ایرا کے فقید المثال کردار کی تعریف کو بھی سراہا گیا اور متاثرہ علاقوں میں 6لاکھ گھروں کی تعمیر نو ، ہسپتالوں، سڑکوں، سکولوں اور تعمیر نو کے دیگر شعبوں میں ایرا کی کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر اقوام متحدہ کی جانب سے بھرپور سراہا گیا جو یقینا ایرا اور پاکستان کیلئے باعث فخر ہے ۔

متعلقہ عنوان :