اسلام آباد سمیت بیشتر علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا

ہفتہ 23 جنوری 2016 11:29

اسلام آباد /پشاور /چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ، حدنگاہ کم ہونے سے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت متعدد ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل رہا ،ملکی اور غیرملکی پروازیں معطل رہی جس سے مسافروں کو مشکلات سامنا رہا ، راولپنڈی اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی ، پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 4 پروازیں تاخیر کاشکار ہوگئیں۔

اسلام آباد ، راولپنڈی اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں پر دھند کا راج رہا۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث گزشتہ رات دس بجے کے بعد سے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رہا جبکہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی اسلام آباد میں موسم انتہائی سرد ہوگیا اور جڑواں شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ۔ اندرون و بیرون ملک جانے والی 35 پروازیں تاخیر کا شکارر ہیں جبکہ آٹھ پروازیں منسوخ کر دی گئی ، فلائٹ انکوائری کے مطابق مسافر ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کر لیں۔

راولپنڈی اسلام آباد میں موسم کی موجودہ صورتحال آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں ، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اگلے تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، دیامر میں منفی سات ، سکردو میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔پشاور کی فضاوٴں میں دھندچھائی رہی۔ شہر کی بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق رہی۔ موٹر پولیس کے مطابق ایم ون پرپشاورٹول پلازہ کے قریب حد نگاہ 40 سے 50 میٹر رہی ، دوسری جانب دھند کی وجہ سے باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آنے والی 4 پروازیں تاخیر کاشکار ہوگئیں۔ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق کراچی اور شارجہ سے پشاور آنے والی پروازیں 2، 2 گھنٹے، جبکہ دوحہ اور شارجہ سے نجی ائیر لائیز کی پرواز یں تقریبا 6،6 گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔

متعلقہ عنوان :