ہاشم آملہ تیز ترین 25ٹیسٹ سنچریاں سکور کرنیوالے چھٹے بلے باز بن گئے

ہفتہ 23 جنوری 2016 12:41

ہاشم آملہ تیز ترین 25ٹیسٹ سنچریاں سکور کرنیوالے چھٹے بلے باز بن گئے

سنچورین (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار23جنوری- 2016ء) جنوبی افریقن ٹیم کے سٹار بلے باز ہاشم آملہ نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری جڑنے کے ساتھ ہی تیز ترین 25 سینکڑے بنانے کا رکی پونٹنگ کا ریکارڈ بھی توڑ کر تیز ترین یہ کارنامہ انجام دینے والے چھٹے بلے باز بن گئے ہیں ۔ 32 سالہ ہاشم آملہ نے سر ویون رچرڈز ، محمد یوسف اور گریگ چیپل کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا اور انضمام الحق کے ہم پلہ ہو ئے ، باریش پروٹیز بلے باز نے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانیوالوں کی فہرست میں سٹیفن فلیمنگ ، سارو گنگولی ،کرس گیل اور ہیمونڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 25 سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز ڈان بریڈمین کے پاس ہے جنہوں نے 68 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

(جاری ہے)

ٹنڈولکر 130 اننگز کے ساتھ دوسرے، گواسکر 138 اننگز کے ساتھ تیسرے، میتھیو ہیڈن 139 اننگز کے ساتھ چوتھے جب کہ سر گیری سوبرز 147 اننگز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں ۔ یہ آملہ کی سنچورین سٹیڈیم میں دس ٹیسٹ میچز میں پانچویں سنچری ہے جس کے ساتھ ہی وہ زیادہ سنچریاں بنانیوالے جنوبی افریقہ کے تیسرے اور دنیا کے مشترکہ طور پر 19 ویں بلے باز بن گئے ، جنوبی افریقہ کے لیے جیک ہنری کیلس نے 45 اور گریم سمتھ نے 27 سنچریاں بنا رکھی ہیں ۔ 2004ء میں اپنے ٹیسٹ کیریر کا آغاز کرنے والے ہاشم محمود آملہ نے اب تک 92 ٹیسٹ میچز کی 155 اننگز میں 7262 رنز بنا رکھے ہیں ۔