سبزیوں کو ابالنے کی بجائے تل کر کھانا زیادہ صحت بخش ،کینسر کی روک تھام بھی ممکن ہوسکتی ہے‘ طبی تحقیق

ہفتہ 23 جنوری 2016 13:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء)سبزیوں کو ابالنے کی بجائے تل کر کھانا زیادہ صحت بخش ہوتا ہے اور اس طرح کینسر کی روک تھام بھی ممکن ہوسکتی ہے۔یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔غرناطہ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ابالنے کے مقابلے میں آلو اور دیگر سبزیوں کو زیتون کے تیل میں تلنا ان کے اندر صحت بخش اجزاکو برقرار رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ زیتون کے تیل کی زیادہ مقدار میں سبزیوں کو تلنے سے ان میں اینٹی آکسائیڈنٹس کی گنجائش اور کیمیکلز بڑھ جاتے ہیں جو مختلف امراض جیسے کینسر، ذیابیطس اور بینائی میں آنے والی کمی کی روک تھام کرسکتے ہیں۔اس تحقیق کے دوران محققین نے سبزیوں کو مختلف طریقوں جیسے تلنے، ابالنے اور دیگر سے تیار کیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ تلنے سے سبزیوں میں فینولک کمپانڈز کی سطح بڑھ جاتی ہے جو مختلف امراض کی روک تھام کرتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ تیل کی حرارت سے فینولک کی سطح سبزیوں میں بڑھ جاتی ہے جبکہ ابالنے سے ایسا نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سبزیاں تل کر استعمال کرنی چاہئے تاکہ اس کے صحت بخش اجزاسے مستفید ہوسکیں۔یہ تحقیق طبی جریدے فوڈ کیمسٹری میں شائع ہوئی۔