آسکر ایوارڈ اور نسل پرستی……اندھا بانٹے ریوڑی، ڈھونڈ ڈھونڈ اپنوں کو دے

ہفتہ 23 جنوری 2016 14:25

آسکر ایوارڈ اور نسل پرستی……اندھا بانٹے ریوڑی، ڈھونڈ ڈھونڈ اپنوں کو ..

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء) رواں سال کے آسکر ایوارڈ ز کیلئے تمام تر نامزدگیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حسب روایت ان نامزدگیوں میں کوئی سیاہ فام ستارہ جگہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکاہے۔تاہم اس سال عالمی شہرت یافتہ امریکی ہدایتکار سپائیک لی اور دستاویزی فلمساز وہدایت کار مائیکل مور کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ احتجاجاً آسکر ایوارڈ تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے سپائیک لی کا شماردنیا کے ان فلمسازوں میں کیا جاتا ہے جنہیں اکیڈمی کی جانب سے کئی ایک اعزازی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔اس دفعہ کا اکیڈمی ایوارڈ تنازعہ اس وجہ سے بھی ذیادہ اہم ہو گیا ہے چونکہ امریکہ کے بدنام زمانہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ میں بسنے والے مسلمانوں، ہسپانیوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف کھلے عام اشتعال انگیز اور نسل پرستانہ بیان دیتے ہیں۔ ان بیانات کی وجہ سے بڑی حد تک امریکہ میں بسنے والے قدامت پسند امریکیوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے سیاہ فام نسل سے تعلق رکھنے والے پہلے امریکی صدر باراک اوبامہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔