Live Updates

آئی ایم ایف کی شرائط پر 120ارب کے نئے ٹیکسز عائد کرنے کی تیاریاں قابل تشویش ہیں‘ جمشید چیمہ

موجودہ حکومت کے دور میں دوربین سے بھی نظر نہ آنیوالی گڈ گورننس کا ہر روز بریک ڈاؤن ہو رہا ہے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

ہفتہ 23 جنوری 2016 17:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے آئی ایم ایف کی شرائط پر 120ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد کرنے کی تیاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگے قرضے لے کر معیشت کی بہتری کے دعوے کرنے والوں کا عوام کے سامنے پول کھل گیا ہے ،موجودہ حکومت کے دور میں دوربین سے بھی نظر نہ آنے والی گڈ گورننس کا ہر روز بریک ڈاؤن ہو رہا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ موجودہ حکمران عوام کو عالمی مالیاتی اداروں کے آگے گروی رکھ کر لئے گئے قرضوں سے زر مبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر تک پہنچنے پر بغلیں بجا رہے ہیں ۔موجودہ حکومت قرضے لینے میں پیپلز پارٹی کی حکومت کا بھی ریکارڈ توڑچکی ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے دور کے قرضے اتارنے کیلئے نئے قرضے لینے کا جواز پیش کیا جارہا ہے ۔

اگر حکومت اپنے وسائل پیدا کر کے ان قرضوں کو اتارنے کا انتظام کرتی تو اسے ضرور سراہا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے نئے قرض کے حصول کیلئے عوام پر 120ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد کرنے جارہی ہے جو ظلم اور نا انصافی کے مترادف ہے اوراسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ایک طرف عوام کو چھت مہیا کرنے کیلئے سکیمیں لانے کے کھوکھلے اعلانات کر رہی ہے اور دوسری طرف اپنی انا کی تسکین کیلئے غریب کو اس کے کاروبار اور چھت سے محروم کر کے اس پر میٹرو بسیں اور ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات