Live Updates

2016ء میں شادی کر لوں گی ، عمران خان والد کی طرح ہیں ان سے شادی نہیں کرسکتی‘ اداکارہ میرا

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ میرا کا کیس خاتون جج عظمی سرتاج کی عدالت میں منتقل کردیا ،آئندہ اس کیس کی سماعت خاتون جج کرینگی

ہفتہ 23 جنوری 2016 18:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) لولی وڈ اداکارہ میرا نے ایک بار پھر شادی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسی سال شادی کر لیں گی لیکن عمران خان ان کے والد کی طرح ہیں اور وہ ان سے شادی نہیں کرسکتیں ، شوبز انڈسٹری میں میری اپنی پہچان ہے، کسی کو کاپی نہیں کرتی بلکہ لوگ مجھے کاپی کرتے ہیں۔ نکاح پر نکاح کیس کے سلسلے میں کینٹ کچہری آمد پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی عمر میں زمین آسمان کا فرق ہے اور اگر پی ٹی آئی چیئرمین نے پیشکش بھی کی تب بھی وہ شادی نہیں کریں گی۔

عمران خان کی پارٹی کو اس وقت جوائن کرسکتی ہوں اگر عمران خان مجھے ایک بیٹی کی حیثیت سے شمولیت کی دعوت دیں۔ یاد رہے کہ صرف ایک سال اور 3ماہ قبل ہی میرا نے کہا تھا کہ عمران خان بہت وجیہہ شخصیت کے مالک ہیں اور اگر وہ مجھے شادی کی پیشکش کریں گے تو میں فوری حامی بھرلوں گی۔

(جاری ہے)

کورٹ میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے 2016ء کو اپنی شادی کا سال بھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی سال شادی کر لیں گی۔

اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں میری اپنی پہچان ہے، کسی کو کاپی نہیں کرتی بلکہ لوگ مجھے کاپی کرتے ہیں۔ میں نے کوئی خفیہ شادی نہیں کی لیکن اسی سال شادی کر لوں گی اور جب بھی شادی کروں گی تو سب کو بتا کر کروں گی۔دوسری جانب میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس کی سماعت کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ مدثر اقبال کھوکھر کی عدالت میں ہوئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ میرا کا کیس خاتون جج عظمی سرتاج کی عدالت میں منتقل کردیا اور آئندہ اس کیس کی سماعت خاتون جج کریں گی۔ سماعت کے بعد اداکارہ کے ہمراہ موجود ان کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمن عدالت میں پیش نہیں ہوئے،ان کا کہنا تھا کہ ان کی موکلہ کو بدنام کرنے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے اپنائے جارہے ہیں۔میرا کے سابق شوہر عتیق الرحمن نے اداکارہ کے خلاف نکاح پر نکاح کرنے کا مقدمہ دائر کررکھا ہے، ان کا موقف ہے کہ میرا نے ان کے نکاح میں ہونے کے باوجود کپتان نوید کے ساتھ شادی کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :