د ولت اور ریاستی وسائل کے زور پر حکمرانی کرنے والے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے‘ پیپلز پارٹی

پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور جمہوریت کی بانی جماعت ہے اسے کمزور سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں، کسی کو ملک دوشمن ایجنڈے اور عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کر کے من پسند افراد کو نوازنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ، حکمران رحیم یار خان کے نتائج کا اخترام کریں ریاستی مشینری استعمال کرنے کی بجائے پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں‘جہانگیر بدر، اورنگزیب برکی، عبدالقادر شاہین، الطاف قریشی کا مشترکہ بیان

ہفتہ 23 جنوری 2016 18:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سینئر پولیٹکل ایڈوائزر و سابق سینٹر ڈاکٹر ایم جہانگیر بدر ، بلاول ہاؤس لاہور کے کوارڈینٹر وصوبائی سیکرٹری فنانس پنجاب اورنگزیب برکی اور پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین ، الطاف قریشی نے پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ :۔

پنجاب حکومت نے ضلع رحیم یار خان میں بلدیاتی الیکشن میں شکست سے دو چار ہونے کے بعد ریاستی مشینری کے زور پر کامیاب امیدواران کی وفاداریاں تبدیل کر کے ضلع چیئرمین شپ کے انتخابات پر اثر انداز ہو کر ایک مرتبہ پھر چھانگا مانگا کی تاریخ دوھرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی نے مخالفین کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں رحیم یار خان میں حکومتی دھاندلی اور پولیس گردی کے باوجود بھاری اکثریت سے کامیابی نے ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی آج بھی چاروں صوبوں کی زنجیراور وفاق پاکستان کی علامت جماعت ہے۔

اسے کمزور سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر یقینی جیسی صورت حال میں ملک جن مسائل اور مشکلات سے دو چار ہے پیپلز پارٹی خاموش تماشائی نہیں بنے گی بلکہ ایسی نازک صورت حال میں اپنا آئینی جمہوری وقانونی کردار اداکرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کریگی۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ رحیم یار خان کے نتائج کا احترام کریں ریاستی مشینری استعمال کرنے کی بجائے پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے گاملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتاہمیں ماضی کو بھلا کر ملک کی بہتری اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دیں ہم شہید قائدین کا وژن ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے جیا لوں پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پارٹی کی فلاح و بہبود اور بقاء کی جنگ لڑی، دولت اور ریاستی و سائل کے زور پر حکمرانی کرنے والے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے انکی کارکردگی بجلی بحران میں اضافہ قومی اداروں کی نجکاری کے نام پر لوٹ مار اور چہیتوں کو نوازنے اور میگا پراجیکٹ کی آڑ میں کرپشن جیسی پالیسیاں اور غریب متوسط طبقے کے افراد کو زندہ درگور کرنا ہی انکا اصل مقصد اور ایجنڈا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کو ملک دشمن ایجنڈے اور عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کر کے من پسند افراد کو نوازنے کی ہر گز اجازت نہیں دیگی جیالے بیدار ہو گئے ہیں اربوں روپے خرچ کر کے لاہور کی ایک نشت فتح کرنے والے پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

متعلقہ عنوان :