بھٹہ خشت پربچوں سے مشقت کی ممانعت کے آرڈیننس پر عملدرآمد تیزی سے جاری

آرڈیننس کے اجراء سے تاحال صوبہ بھر کے 2083بھٹوں کی چیکنگ، 512بھٹوں کے خلاف ایف آئی آردرج،190بھٹے سربمہر سکول جانے والے بھٹہ مزدور بچوں کو مفت تعلیم، یونیفارم ، جوتے، سٹیشنری اور کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی، ترجمان حکومت پنجاب

ہفتہ 23 جنوری 2016 18:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے بھٹہ خشت پر بچوں سے مشقت کی ممانعت کے آرڈیننس 2016 پر عملدرآمد تیزی جاری ہے اور آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ خشت سربمہر اور بھٹہ مالکان و ذمہ دارافراد کو موقع پر گرفتار بھی کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایاکہ چائلڈلیبرآرڈیننس کے اجراء سے تاحال صوبہ بھر کے مجموعی طورپر2083بھٹہ خشت پر چائلڈلیبر کے حوالے سے متعلقہ ڈی سی اوز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی پی اوز، ایس ڈی پی اوزپر مشتمل اعلیٰ حکام نے چیکنگ کی اور 512بھٹہ خشت پربچوں سے مشقت کے کیسز سامنے آنے پر 190بھٹہ خشت کو فوری طور پر سیل کر دیاگیا ہے جبکہ چائلڈلیبر میں ملوث 512بھٹہ خشت کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے مجموعی طور پر 398مالکان اور دیگرذمہ دار افراد کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 80فی صد بھٹہ مالکان ہیں جو اپنے بھٹہ خشت پر 14سال سے کم عمر بچوں سے مشقت کروا رہے تھے۔ترجمان کے مطابق چائلڈ لیبر کے واقعات کی نشاندہی کیلئے قائم ہیلپ لائن 0800-55444پر موصول ہونے والی شکایات پر بھی متعلقہ حکام کے ذریعے ایکشن لیا جا رہا ہے۔نیز اس آرڈیننس کے حوالے سے بھٹہ مزدوروں و مالکان کو رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے بتایاکہ محکمہ لیبر کے افسران تمام اضلاع میں چائلڈ لیبر آرڈیننس پر عملدرآمد کے حوالے سے ڈسٹرکٹ لیبر کمیٹیوں کو بھرپور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ محکمہ لیبر و انسانی وسائل کی طرف سے تمام اضلاع میں آرڈیننس پر عملدرآمد کے حوالے سے ڈسٹرکٹ لیبر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس میں متعلقہ اضلاع کے ڈی سی اوز، ڈی پی اوز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز، آئی بی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ارکان شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایاکہ تمام اضلاع و تحصیل کی سطح پر بھٹہ خشت پر بچوں سے مشقت کی ممانعت کے آرڈیننس پر عملدرآمد کے حوالے سے کی جانے والی کارروائی کی تمام رپورٹ روزانہ باقاعدگی سے آن لائن سسٹم کے تحت محکمہ لیبر و انسانی وسائل کو فراہم ہو رہی ہے اور چائلڈلیبر آرڈیننس پر عملدرآمد کو مشن کی صورت میں تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے خصوصی پیکیج کے تحت بھٹہ مزدور بچوں کو سکول داخلے پر رواں تعلیمی سیشن سے ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ، مفت کتابیں، یونیفارم، سٹیشنری اور جوتے فراہم کرنے نیز ان کے والدین کو بچہ سکول داخل کرانے پر2ہزار روپے وظیفہ دینے کے پروگرام کی بھی منظوری دے دی ہے۔

متعلقہ عنوان :