پاکستان دشمنوں کی زد میں ہے،لیاقت بلوچ

پٹھانکوٹ ، جمرود ، کوئٹہ اور باچاخان یونیورسٹی کے واقعات ایک ہی ماسٹر مائند کا شیطانی کھیل ہے،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

ہفتہ 23 جنوری 2016 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹر ی جنرل لیاقت بلوچ نے راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن اور میر پور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی کارکنان پارٹی اور جمہوریت کی بقا کا ہراول دستہ ہوتے ہیں ۔ سیاسی کارکنان کی جمہوری تربیت سے انحراف کر کے ملک کی سیاسی ،جمہوری جماعتوں نے جمہوریت اور پارلیمانی نظام پر ظلم کیاہے۔

سیاست اور جمہوریت معاشرے میں امانت ، دیانت ، عوامی خدمت اور قومی وسائل کی عوام اور پسماندہ علاقوں میں منصفانہ نقسیم کے لیے ہے لیکن کرپشن ، قومی وسائل پر عیاشی ، انسانوں سے جانوروں سے بھی زیادہ بدتر سلوک نے معاشرے کو تباہ کر دیاہے ۔ جماعت اسلامی سیاسی کارکنان کو تعمیری مقصد حیات ، نظام اور قیادت کی تبدیلی کے لیے تیار کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ملک بھر میں اچھے باصلاحیت عوام کو منظم کر کے عوا م کو ظلم ، جبر ، ناانصافی ، غربت ، بے روزگاری اور توانائی کے بحرانوں سے نجات دلائے گی ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان دشمنوں کی زد میں ہے ۔ پٹھانکوٹ ، جمرود ، کوئٹہ اور باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے واقعات ایک ہی ماسٹر مائند کا شیطانی کھیل ہے ۔ بھارت دہشتگردی بند کرے اور خطہ کے عوام کو امن ، ترقی اور سکون سے زندگی گزارنے دے ۔ مسئلہ کشمیر کا حل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نوازشریف بھارت سے بے جا اور ناجائز توقعات نہ رکھیں ۔ خطہ میں امن اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی پالیسی اور قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2 فروری کو جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام قومی مشاورت کا اہم ترین اجلاس ہوگا ۔