پنجاب خدمت کارڈ ‘‘ خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کا انقلابی پروگرام ہے،مستحق خصوصی افراد کو 3600 روپے سہ ماہی ملیں گے، پہلے مرحلے کیلئے 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،خصوصی افراد کی مالی معاونت، بحالی ، مفت فنی تربیت کیلئے اس شاندار پروگرام کا اجراء کیاگیا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 23 جنوری 2016 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ہفتہ کو یہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی مدد کیلئے جاری پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی ترجیحات ہیں۔

انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے پروگراموں پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ پنجاب میں عام آدمی کی فلاح اور کم وسیلہ طبقات کی بہتری کیلئے متعددپروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہمستحق خصوصی افراد کی مالی معاونت، بحالی و فلاح، مفت فنی تربیت اور بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ’’پنجاب خدمت کارڈ ‘‘پروگرام کا اجراء کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال اور مفیدرکن بنانے کیلئے ان کی بھر پور اعانت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے صوبے بھر کے 2 لاکھ مستحق خصوصی افراد مستفید ہوں گے اور اس پروگرام کے تحت مستحق خصوصی افراد کو 3600 روپے سہ ماہی دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ’’ پنجاب خدمت کارڈ‘‘ خصوصی افراد کی مالی معاونت ،فنی تربیت کی فراہمی اورانہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کا انقلابی پروگرام ہے ۔ماروی میمن نے خواتین کو معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے اورکم وسیلہ خاندانوں کیلئے کئے گئے اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :