سیاسی کارکنان پارٹی اور جمہوریت کی بقا کا ہراول دستہ ہوتے ہیں، سیاسی کارکنان کی جمہوری تربیت سے انحراف کر کے ملک کی سیاسی ،جمہوری جماعتوں نے جمہوریت اور پارلیمانی نظام پر ظلم کیاہے

جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹر ی جنرل لیاقت بلوچ کاورکرز کنونشن سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 23 جنوری 2016 22:14

راولپنڈی /میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء ) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹر ی جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سیاسی کارکنان پارٹی اور جمہوریت کی بقا کا ہراول دستہ ہوتے ہیں، سیاسی کارکنان کی جمہوری تربیت سے انحراف کر کے ملک کی سیاسی ،جمہوری جماعتوں نے جمہوریت اور پارلیمانی نظام پر ظلم کیاہے۔

وہ ہفتہ کو راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن اور میر پور میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ سیاست اور جمہوریت معاشرے میں امانت ، دیانت ، عوامی خدمت اور قومی وسائل کی عوام اور پسماندہ علاقوں میں منصفانہ نقسیم کے لیے ہے لیکن کرپشن ، قومی وسائل پر عیاشی ، انسانوں سے جانوروں سے بھی زیادہ بدتر سلوک نے معاشرے کو تباہ کر دیاہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی سیاسی کارکنان کو تعمیری مقصد حیات ، نظام اور قیادت کی تبدیلی کے لیے تیار کرتی ہے ۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں اچھے باصلاحیت عوام کو منظم کر کے عوا م کو ظلم ، جبر ، ناانصافی ، غربت ، بے روزگاری اور توانائی کے بحرانوں سے نجات دلائے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان دشمنوں کی زد میں ہے ۔ پٹھانکوٹ ، جمرود ، کوئٹہ اور باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کے واقعات ایک ہی ماسٹر مائند کا شیطانی کھیل ہے ۔

بھارت دہشتگردی بند کرے اور خطہ کے عوام کو امن ، ترقی اور سکون سے زندگی گزارنے دے ۔ مسئلہ کشمیر کا حل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نوازشریف بھارت سے بے جا اور ناجائز توقعات نہ رکھیں ۔ خطہ میں امن اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی پالیسی اور قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2 فروری کو جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام قومی مشاورت کا اہم ترین اجلاس ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :