ٹی 20 سیریز میں غلطیوں کا خمیازہ ٹیم نے بھگت لیا، جاوید میانداد

اتوار 24 جنوری 2016 15:45

ٹی 20 سیریز میں غلطیوں کا خمیازہ ٹیم نے بھگت لیا، جاوید میانداد

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 جنوری۔2016ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ٹی 20 سیریز میں غلطیوں کا خمیازہ بھگت لیا ہے ، کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی جبکہ عامر سہیل کا کہنا تھا کہ کارکردگی سے سلیکٹر ز اور مینجمنٹ کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، دوسری جانب رمیز راجہ نے شکست کی ذمہ داری بیٹنگ پر ڈال دی ۔ ٹی 20 سیریز میں عبرتناک شکست پر اظہار خیال کرتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ کوئی ٹیم ورک اور حکمت عملی نظر نہیں آئی پاکستان نے بڑی غلطیوں کا خمیازہ بھگت لیا،کوئی ٹیم ورک اور حکمت عملی نظر نہیں آئی، ہر کوئی جلد بازی کا مظاہرہ کرتا رہا، بولرز کی غفلت سے کیویز نے بڑا ہدف دیدیا تھا تو پلاننگ تبدیل کرتے ہوئے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرلی جاتی۔

(جاری ہے)

عامر سہیل نے کہا کہ پلاننگ بہتر نہ ہونے کی وجہ سے تباہ کن نتائج سامنے آئے، مینجمنٹ اور کپتان پچ اور کنڈیشنز کو سمجھنے میں قطعی طور پر ناکام رہے،ان فارم کیویز کو بیٹنگ کی دعوت دینا سنگین غلطی تھی،بعد ازاں بڑا ہدف دیکھ کر تیزی سے رنز بنانے کے بجائے بیٹسمینوں کے ہاتھ پاؤں ہی پھول گئے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ابتدا میں وکٹیں جلد گرنے کے بعد بیٹنگ لائن کسی موقع پر بھی دباؤ سے نہ نکل پائی،وہاب ریاض کی موجودگی میں انور علی سے بولنگ کا آغاز کرانا حیران کن فیصلہ تھا، میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہمیشہ پاکستان کو کیویز کیخلاف فیورٹ قرار دیتا رہا ہوں لیکن پلیئرز نے مجھے غلط ثابت کردیا۔

متعلقہ عنوان :