پاکستانی اور چینی سرمایہ کار پاکستان انویسٹمنٹ انیشیٹو کے قیام پر متفق

دورے سے چین اور پاکستان کے نجی شعبے کو قریب لانے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملا ہے ٗ چینی حکام

اتوار 24 جنوری 2016 16:50

پاکستانی اور چینی سرمایہ کار پاکستان انویسٹمنٹ انیشیٹو کے قیام پر ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء) پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چین پاکستان انویسٹمنٹ انیشیٹو(سی پی آئی آئی)کے قیام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ چینی سرمایہ کاروں کے دورے کے اختتام پر گزشتہ روز چین پاکستان انویسٹمنٹ انیشیٹو کے قیام کے لیے فریقین کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

سی پی آئی آئی کی تشکیل کیلئے مفاہمتی یادداشت میں بی ایم اے کیپٹل مینجمنٹ لمیٹڈ، گورن ٹیزی کیپٹل پارٹنرز لمیٹڈ اور چین کی انٹرنیشنل گرین اکانومی ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ اس سلسلے میں تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں چینی وفد کے سربراہ اور چائنا پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایمبسڈر شا ژوکان، گورن ٹیزی کے نمائندے اور پاکستان کے اعزازی سفیر منیر اکرم، بی ایم اے کیپٹل کے چیئرمین معظم ایم ملک، سی ای او نادر رحمن، ڈائریکٹر مدثر ایم ملک اور ایگزیکٹو ڈپٹی سیکریٹری جنرل آئی جی ای اے ہان ژو نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی وفد کے سربراہ ایمسبڈر شاژوکان نے پاکستان کے دورے کو بے حد کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس دورے سے چین اور پاکستان کے نجی شعبے کو قریب لانے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملا ہے۔ساتھ ہی چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے حالات اور سرمایہ کاری کے امکانات سمیت حکومت اور نجی شعبے کی چین سے وابستگی کا بھی حقیقی اندازہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے نجی شعبے کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت کے لیے دلچسپی ظاہر کی گئی ہے جسے عملی جامہ پہنانے کے لیے ادارہ جاتی مکینزم کی ضرورت تھی جسے پورا کرنے کے لیے چین پاکستان انویسٹمنٹ انیشیٹو کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے۔یہ فورم دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو درپیش چیلنجز کے حل اور منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مدد اور رہنمائی فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :