ملک کے تمام چیمبرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی پیشکش

اتوار 24 جنوری 2016 23:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24جنوری۔2016ء) واہ نوبل گروپ نے ملک کے تمام چیمبرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی پیشکش کردی جس پر صدر راولپنڈی چیمبر میاں ھمایوں پرویز نیتوانائی کے متبادل ذرائع سولر انرجی کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ،توانائی کے قابل تجدیدذرائع سے ملک میں جاری توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے ،ملک میں متبادل ذرائع جیسے شمسی توانائی، ہوا، اور کوئلہ کے بے پناہ ذخائرموجود ہیں اس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے کر توانائی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

میاں ہمایوں پرویز نے کہا کہ توانائی کے یہ ذرائع ماحول دوست بھی ہیں اس لیے ان سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے جس سے ملکی خزانے پر بوجھ بڑھ رہا ہے ۔حکومت کو چاہیے کہ توانائی کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے توانائی کے قابل تجدیدمنصوبوں پر توجہ دے ۔انہوں نے واہ نوبل گروپ کی طرف سے پاکستان کے تمام چیمبرز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے حوالے سے مفت جائزہ رپورٹ اور تکنیکی معاونت کی پیشکش کو سراہا۔